اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ

اداریہ: بروز بدھ 15 دسمبر 2021

ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی مسلسل گراوٹ اور پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضاٖفہ سے ملک بھر میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بھی برابر اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ دوسری طرف عوام کی قوت خرید میں بھی کمی واقع ہو رہی ہے۔
اس کمر توڑمہنگائی سے غریب اور متوسط طبقہ کے علاوہ تنخواہ دار ملازمین بری طرح متاثر ہورہے ہیں اور ان کا جینا محال ہو گیا ہے جبکہ دوسری طرف منی بجٹ کی آمد آمد ہے جس سے مہنگائی کے ہولناک طوفان کے آنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی حکومت اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے آئے روز احکامات جاری کرتی رہتی ہے مگر ایسا نظر آتا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور افسران کے گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں پر چھاپے صرف خانہ پرُی تک محدود رہیں اگر ایسا نہ ہوتا تو ایک ہی شہر اور قصبہ میں اشیاء خوردو نوش کے مختلف نرخ نہ ہوتے۔
پی ٹی آئی حکومت ن لیگ اور پیپلز پارٹی حکومتوں کو ملک کو د رپیش معاشی بحران کا ذمہ دار ٹھہراتی ہے مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ تحریک انصاف حکومت نہ تو نچلی سطح پر کرپشن کا تدارک کر سکی ہے اور نہ ہی گڈ گورنس کا عملی نمونہ دیکھنے کوملا ہے حا لانکہ حکومت کوبر سراقتدارآئے ساڑھے تین سال کا عرصہ ہونے کو ہے وزیر اعظم کو چاہیے کہ وہ اس صورتحال پر ٹھنڈے دل و دماغ سے سوچ بچار کریں اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات بروئے کار لائیں۔