بجلی کے بھاری بلز سے مسجد اور دینی مدرسے کو ہمیشہ کے لیے نجات مل جائے گی سولر پینل کے لیے دل کھول کر بھاری عطیات دینے پر صاحب ثروت اور مخیر حضرات سے خطیب جامع مسجد علی کا اظہار تشکر
مسلمان سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر اپنی دنیا اور آخرت کو سنوار سکتے ہیں مولانا محمد عباس فریدی صابری
مولانا عبدالعزیز خان فیضی نے کشمیر فلسطین کی آزادی پاکستان کے استحکام اور ترقی اور مدیر احسان احمد سحر کی اہلیہ سیدہ نجمہ بخاری مرحومہ کے درجات کے بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی
احمد پور شرقیہ (سٹاف رپورٹر )جامع مسجد علی جنرل بس اسٹینڈ احمد پور شر قیہ پر سولر پینل نصب کر دیا گیا تاکہ بجلی کے بھاری بلز سے مستقل نجات حاصل کی جا سکے اس امر کا اظہار جامع مسجد علی کے خطیب مولانا عبدالعزیز خان فیضی نے نماز جمعہ کے بڑے ا جتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا- انہوں نے مخیر اور صاحب ثروت افراد سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے جامع مسجد علی میں سولر پینل کی تنصیب کے لیے دل کھول کر عطیات دیے -مولانا عبدالعزیز خان فیضی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ آئندہ ایک دو روز میں جامع مسجد اور اس سے ملحقہ دینی مدرسے کو سولر سسٹم سے بجلی کی فراہمی شروع ہو جائے گی -جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے مولانا عبدالعزیز فیضی کے شاگرد اور جامعہ مسجد شیشے والی و مدرسہ حنفیہ حفیظیہ شاہی بازار بہاول پور کے مہتمم مولانا محمد عباس فریدی صابری نے اپنے خطاب میں سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ ہم سیرت نبوی پر عمل پیرا ہو کر اپنی دنیا اور آخرت کو سنوار سکتے ہیں- انہوں نے اس موقع پر اپنے استاد مولانا محمد عبدالعزیز خان فیضی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جن سے 15 سال قبل انہوں نے دینی تعلیم حاصل کی اور بہاولپور منتقل ہو گئے – مولانا محمد عباس فریدی صابری نے جامع مسجد علی میں نماز جمعہ کی امامت کی اور بعد ازاں انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور نذرانہ سلام پیش کیا سلام کے بعد مولانا عبدالعزیز فیضی نے پاکستان کی ترقی ، سلامتی،استحکام عالم اسلام کی سربلندی فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے علاوہ مدیر احسان احمد سحر کی اہلیہ سیدہ نجمہ بخاری مرحومہ سابق ہیڈ مسٹریس گورنمنٹ گرلز ہائی سکول احمد پور شرقیہ کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کرائی