Contact Us

سماجی اور تعلیمی حلقوں کا وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی جنوبی پنجاب کے لیے تعلیمی خدمات کو خراج تحسین

VC IUB

سماجی اور تعلیمی حلقوں نے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی جنوبی پنجاب کے لیے تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹرا طہرمحبوب نے 2ستمبر 2015کو خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کی بطور وائس چانسلر ذمہ داری سنبھالی۔ اس وقت وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے رحیم یار خان جیسے دور دراز ضلع میں اسٹیٹ آف دی آرٹ انجینئرنگ یونیورسٹی قائم کرنے کا ٹاسک دیا جو انہوں نے اپنی خدا داد صلاحیتوں کی بنیاد پر تین سال کے قلیل عرصے میں مکمل کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے 5مئی 2018 کو خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کا افتتاح کر دیا۔ یہ یونیورسٹی فن تعمیر کا شاہکار ہے جو جنوبی پنجاب کے ساتھ ساتھ سندھ اور بلوچستان کے طلباء و طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی خدمات کلیدی کردار کی حامل ہیں۔ گزشتہ تین برسوں میں یونیورسٹی میں فیکلٹیوں کی تعداد 7سے بڑھ کر 15، تدریسی شعبہ جات کی تعداد 48سے  142اور کیمپسز کی تعداد 5سے بڑھ کر 7ہو گئی ہے اور حاصل پور کیمپس کے قیام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ یونیورسٹی نے معاشی میدان میں بھی غیر معمولی ترقی کی اور یونیورسٹی بجٹ 3ارب روپے سے بڑھ کر 7ارب روپے اور ترقیاتی بجٹ 1ارب روپے سے بڑھ کر 12ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے دور میں یونیورسٹی عالمی رینکنگ میں شامل ہوئی اور دنیا کی اہم ترین تین رینکنگز کے مطابق 500عالمی جامعات میں شامل ہو ئی۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لیے اعلیٰ تعلیم اور ملازمت کے دروازے کھولنا پروفیسر ڈاکٹر اطہرمحبوب کی بہت بڑی قومی خدمت ہے اور اس علاقے کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے۔

مزید پڑھیں