چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق ایم این اے عارف عزیز شیخ نے کہا ہے کہ میں نے اپنی ایم این شپ کے دوران بھی عوام کی بھر پور خدمت کی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چنی گوٹھ میں ملک سیف اللہ چنڑ اور مہند شریف میں عبدالرزاق بھٹہ کی رہائش گاہ پر عمائدین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عارف عزیز شیخ نے کہا کہ ہمارا حلقہ اب محرومیوں کا شکار ہے ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں ، چنی گوٹھ میں گرلز کالج کا منصوبہ ٹھپ ہو گیا ، یہاں تک کہ سرکاری طور پر لگائے گئے واٹر فلٹریشن بند پڑے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں پانچ سو کے لگ بھگ بستیوں میں بجلی فراہم کی اور میرے دور میں منظور شدہ بستیوں میں آج بھی بجلی کا کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیخ گروپ آئندہ ہونے والے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گا اور عوام کے ووٹوں سے بھرپور کامیابی حاصل کرے گا ۔ اس موقع پر ملک مدثر چنڑ ، ملک حق نواز اور دیگر عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔