آپ ہمارے حقوق کے محافظ ہیں ہم آپ اور حسن عسکری شیخ کو پہلے سے بھی زیادہ لیڈ سے کامیاب کرائیں گے چولستانیوں کو یقین دہانی
امیدوار قومی اسمبلی کا امیدوار صوبائی اسمبلی حسن عسکری شیخ کے ہمراہ یونین کونسل چنن پیر کے علاقے مٹھڑا اور یونین کونسل میرانہ میں پاور شو سے خطاب
چنی گوٹھ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ق کے مرکزی سیکرٹری جنرل و امیدوار قومی اسمبلی چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ میں چولستانیوں کے حقوق کی حفاظت کرتا رہا ہوں اور کرتا ہوں گا ، چولستانیوں کو ان کے حقوق دلا کر دم لوں گا کیونکہ میں نے اپنی سیاست کا آغاز بھی چولستان سے کیا تھا ، چولستانیوں نے آج تک جتنی محبت مجھے دی ہے میں ان کا مقروض ہوں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ کے ہمراہ یونین کونسل چنن پیر کے علاقے مٹھڑا اور یونین کونسل میرانہ میں پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ آپ آٹھ فروری تک میرے ووٹ کا پہرہ دیں کامیابی کے بعد آپ کا کام ختم اور پھر اس کے بعد میں آپ کی چوکیداری کروں گا- انہوں نے واشگاف الفاظ میں اعلان کیا کہ وہ علاقہ سے تھانہ کلچر کا خاتمہ کر دیں گے کسی غریب اور بے سہارا شخص کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی
جائےگی –انہوں نے کہا کہ میرے مخالفین مجھے آزماچکے ہیں میں نے انہیں متعدد مرتبہ قومی ، صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات میں شکست سے دوچار کیا ہے اب وہ اپنی دھن دولت کے سہارے عوام کا ضمیر خریدنا چاہتے ہیں لیکن یہ انکا سنہرا سپنا ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔ چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ میری آپ سے ایک درخواست ہے کہ آپ مجھ سے بیشک ناراض ہو جائیں ووٹ نہ دیں مگر میرا سودا چند ٹکوں کی خاطر نہ کرنا ، میں نے اگر آپ کی خدمت کی ہے تو پھر ووٹ کا بھی میرا حق بنتا ہے ، چولستانیوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ آپ ہمارے حقوق کے محافظ ہیں ہم آپ اور حسن عسکری شیخ کو پہلے سے بھی زیادہ لیڈ سے کامیاب کرائیں گے ، قبل ازیں چوہدری طارق بشیر چیمہ اور حسن عسکری شیخ کا چولستان پہنچنے پر بھرپور استقبال کیا گیا ، بچھڑے کا صدقہ دیا گیا اور جھومر پارٹی نے جھومر کا بھرپور مظاہرہ کیا ، بعد ازاں چوہدری طارق بشیر چیمہ اور حسن عسکری شیخ نے چک نمبر 20 ڈی این بی میں کارنر میٹنگ سے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر قاضی بشیر احمد ، رائے شریف ایڈوکیٹ ،قاضی غلام مرتضیٰ ، رائے غلام احمد پرہار، ملک عباس بوہڑ ، ندیم خان لاشاری اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔