بہاول پور (پ ر)وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا ہے کہ بہاولنگر کیمپس کی تدریسی میدان میں کامیابیاں اور ترقیاتی منصوبے اپنی مثال آپ ہے ۔گزشتہ تین برسوں میں کیمپس میں طلباء کی تعداد 1500سے بڑھ کر 8500ہو گئی اور فیکلٹی ممبران کی تعداد 105ہو گئی ہے ۔ گورنرپنجاب وچانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے بہاولنگر کیمپس کے تعلیمی و ترقیاتی منصوبوں کو سراہا ہے اور جلد ہی کیمپس کا دورہ کریں گے۔ وائس چانسلر نے ان خیالات کا اظہار بہاولنگر کیمپس کے دورے کےدوران اساتذہ ، افسران ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور طلباء وطالبات سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولنگر کی مقامی کمیونٹی تعلیمی رجحان رکھتی ہے اور بہاولنگر کیمپس کو ہمیشہ مقامی سطح پر تعاون اور مدد ملی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کیمپس نے بہت تیزی سے ترقی کی ۔ کیمپس کا تدریسی معیار شاندار ہے اور طلباء و طالبات کو جدید تدریسی سمارٹ کلاس رومز کے ذریعے دور حاضر کے طریقہ کار سے تعلیم دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر رفاقت علی کی تدریسی، انتظامی ، ترقیاتی امور اور کارکردگی کو سراہا۔ وائس چانسلر نے کیمپس میں نو تعمیر شدہ گیسٹ ہائوس ، اکیڈمک بلاک کے توسیع حصے، گرلز ہاسٹل کے توسیع کام ، کیمپس ڈائریکٹر کی رہائش گاہ، واٹر ٹینک اور پارکنگ شیڈ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کیمپس کی لینڈ سکیپنگ اور خوبصورتی کو بھی سراہا۔ کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر رفاقت علی نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت بہاولنگر میں یونیورسٹی کے دو کیمپس قائم ہیں اور طلباء وطالبات کے زبردست تعلیمی رجحان کی بدولت وائس چانسلر کے ویژن کے مطابق نئے شعبہ جات قائم کیے گئے ہیں ۔ فیکلٹی کی تعداد میں اضافہ ہوا اور بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد ہوا۔ اس وقت کیمپس کا ٹرانسپورٹ فلیٹ شہر کے ساتھ ساتھ ہارون آباد اور منچن آباد کے طلباء وطالبات کو سفری سہولیات فراہم کر رہا ہے اور وائس چانسلر نے مزید بسوں کی فراہمی کی بھی منظوری دی ہے۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل رجسٹرار، پروفیسر ڈاکٹر ابوبکر خزانہ دار، ڈائریکٹر کیمپس ڈاکٹر رفاقت علی، پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا ڈائریکٹر ایڈوانس سٹڈیز وچیئرمین شعبہ سوشل ورک، رضوان مجید ڈائریکٹر آئی ٹی، شہزاد احمد خالد ڈائریکٹر پریس میڈیا اینڈ پبلیکشنز، ڈاکٹر اظہر حسین ڈائریکٹر ایلومینائی افیئرز،مکشوف احمد ڈائریکٹر اکیڈمکس، فرخندہ تحسین ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، شہزاد آصف قریشی پراجیکٹ ڈائریکٹر،عارف رموز ایڈیشنل رجسٹرار، ظفر عباس ایڈیشنل رجسٹرار، فصیح الدین گیلانی ایگزیکٹو انجینئر، اسد علی ایڈیشنل ڈائریکٹر اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔