احمد پور شرقیہ کی دھرتی ہمیشہ مردم خیز رہی اگر معروف شاعر نقوی احمد پوری مرحوم کسی بڑے شہر میں ہوتے تو آج ان کا شمار صف اول کے ملکی شعراء کرام میں ہوتا
عبقری میڈیا گروپ کے چیئرمین کا عبقری حویلی میں محفل مشاعرہ میں صدارتی خطاب ، شیخ الوظائف نے سامعین کو جادو ٹونے نظر بند کے خاتمے اور دولت سے مالا مال ہونے کے وظائف بھی دیئے
احمد پور شرقیہ ( سٹاف رپورٹر) عبقری میڈیا گروپ کے چیئرمین حکیم محمد طارق محمود چغتائی نے کہا ہے کہ تحصیل احمد پور شرقیہ کی سرزمین ہمیشہ مردم خیز رہی ہے ، اس دھرتی پر جنم لینے والے متعدد ادیبوں اور شعرائے کرام نے علم و ادب کی بے پناہ خدمت کی ہے- احمد پور شرقیہ کے معروف شاعر نقوی احمد پوری مرحوم اگر کسی بڑے شہر میں ہوتے تو آج ان کا مقام صف اول کے ملکی شعرائے کرام میں ہوتا ان خیالات کا اظہار انہوں نے عبقری حویلی میں محفل مشاعرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مقامی شعرائے کرام سید ممنون بخاری، شاہد عالم شاہد، منور سراج، عبدالمجید ناصح، سجاد شاہین مختار مست غلام فرید جانی اور یاسر شاہد نے اپنا کلام پیش کیا اور سامعین سے داد تحسین وصول کی
محفل مشاعرہ میں شہر احمد پور شرقیہ کے سرکردہ عمائدین ادیبوں ،شعراء کرام اور اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض میڈیا کلب کے صدر شیخ عزیز الرحمن نے انجام دیے- حکیم محمد طارق محمود چغتائی نے انکشاف کیا کہ وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی جہاں ایک بڑے صحافی ہیں وہاں وہ علم ادب کے بڑے قدردان بھی ہیں – انہوں نے ان سے ایک ملاقات کے دوران احمد پور شرقیہ کے معروف شاعر نقوی احمد فوری مرحوم کا ذکر کیا جس پر میں نے انہیں ان کی تصنیف مطالعہ کے لئے بھجوائی
شیخ الوظائف حکیم طارق محمود چغتائی نے اپنے خطاب میں سامعین کو جادو ٹونے نظر بد کے خاتمے اور دولت سے مالا مال ہونے کے وظائف بھی بتائے اور عبقری کی روحانی دینی مذہبی اور طبی خدمات کے حوالے سے آگاہ کیا محفل مشاعرہ کے اختتام پر شرکا کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا – مشاعرہ کی تقریب کے انتظامات حکیم محمد طارق محمود چغتائی کے صاحبزادگان محمد صہیب رومی ،محمد لبیب شبلی اور عون محمد غزالی نے انجام دئیے