اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے اساتذہ اور طلباء وطالبات کے وفد کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ
دورے کا اہتمام شعبہ تعلقات عامہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے آئی ایس پی آر کے اشتراک سے کیا
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے اساتذہ اور طلباء وطالبات کے وفد نے انجینئر پروفیسر ڈاکٹراطہر محبوب وائس چانسلر کی خصوصی ہدایت پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا۔ اس دورے کا اہتمام شعبہ تعلقات عامہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے آئی ایس پی آر کے اشتراک سے کیا تھا۔ وفد نے جناح ہاؤس لاہور کا تفصیلی دورہ کیا اور شرکا کو 9مئی کے افسوسناک اور قابل مذمت واقعہ کے بارے میں مکمل بریفنگ دی گئی ۔ جناح ہاؤس لاہور کے دلخراش مناظردیکھنے کے بعد وفد میں شامل فیکلٹی ممبران ڈاکٹر ضیا ء الرحمن، ڈاکٹر رمضان طاہر اور مرینہ رشید نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ 9مئی کا سانحہ انتہائی ہولناک ہے کہ اس نے پوری قوم کو لرزا کر رکھ دیا۔ اس بے رحم واقعہ کے بعد پوری قوم افسردگی اور ذہنی اذیت کا شکار ہے۔ کسی بھی قوم کے لئے اُس کی حساس تنصیبات، تاریخی عمارات اور ثقافتی ورثہ بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ان کی حفاظت اور احترام پوری قوم پر لازم ہے۔ یہ قومی یکجہتی اور سلامتی کی علامت ہوتے ہیں۔ ان تاریخی عمارتوں اور قومی اثاثوں پر حملہ اس ملک کی سلامتی اور شناخت پر حملے کے مترادف ہوتا ہے۔ ہم اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے وائس چانسلر، طلباء ، اساتذہ اور دیگر شعبہ جات کی طرف سے اس واقعہ کی پُر زور مذمت کرتے ہیں اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم اس موقع پر اپنے شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے ہماری آزادی کی نعمت کی ہر دور میں حفاظت کی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اِدارے مکمل تحقیقات کے بعد سانحہ 9مئی میں ملوث افراد کو ملکی قوانین کے تحت کڑی سے کڑی سزا دیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔ جناح ہاؤس لاہور کے دورے کے بعد وفد نے واہگہ بارڈر پر شام کو پرچم اُتارنے کی تقریب میں شرکت کر کے ملی بیداری اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا۔