Contact Us

اسلامیہ یونیورسٹی کی سیلاب زدگان کے لیے جاری امدادی مہم کی قومی اور عالمی سطح پربھرپور پذیرائی

IUB

 اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے جاری امدادی مہم کو قومی اور عالمی سطح پربھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ چین کی سیچوان ایگریکلچر یونیورسٹی کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر لو یان لی نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورانجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور ڈائریکٹر انٹرکراپنگ ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد رضا علی کو خصوصی خط لکھا اور پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہونے والے یونیورسٹی اساتذہ اور طلباء وطالبات سے بھی اظہار افسوس کیااور کہا کہ مصیبت کی گھڑی میں سیچوان ایگریکلچر یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء وطالبات اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چین اور پاکستان درینہ دوستی کے رشتے میں بندھے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور سیچوان ایگریکلچر یونیورسٹی بہت شعبوں میں آپس میں تعاون کر رہے ہیں اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے اپنے بہترین طلباء وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کے لیے سیچوان ایگریکلچر یونیورسٹی بھیجا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے متاثرہونے والے طلباء و طالبات ثابت قدمی سے اس قدرتی آفت کا مقابلہ کریں گے اور جلد از جلد اپنی روز مرہ زندگی میں واپس لوٹیں گے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپ کی جانب سے اب تک 50لاکھ روپے مالیت کی امدادسیلاب متاثرہ علاقوں تک پہنچا دی گئی ہے۔ فوکل پرسن اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور برائے امدادی مہم سیلاب زدگان پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نے بتایا کہ بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھی امدادی سرگرمیوں میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور جلد ہی امدادی مہم کی کھیپ رحیم یار خان کے متاثرہ لوگوں تک پہنچائی جائے گی۔ سینئر ٹیوٹر اور چیئرمین شعبہ میڈیا سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر عبدالواجد خان نے بتایا کہ گزشتہ دنوں 25لاکھ روپے مالیت کا امدادی سامان پرفارمنگ آرٹ سوسائٹی کے طلباء وطالبات نے راجن پور کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور رحیم یار خان کیمپس کے فیکلٹی ممبران کی جانب سے گزشتہ روز 40 سے زائد سیلاب متاثرہ خاندانوں میں راشن،چارپائیاں اور کپڑے تقسیم کیے گئے۔ ڈائریکٹر رحیم یار خان کیمپس میاں محمد عمیر اشرف نے بتایا کہ اسد اللہ لیکچرار شعبہ ریاضی کی زیر نگرانی 300 سے زائد سیلاب متاثرہ خاندانوں میں 10لاکھ سے زائد مالیت کا امدادی سامان جس میں آٹا،چینی، چاول،خشک راشن،تڑپالیں اور چارپائیاں تقسیم کیا جا چکا ہے۔انشاء اللہ جلد رحیم یار خان کیمپس کی جانب سے مزید 300 سے زائد متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں