Contact Us

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں پہلی ٹیک نیشن ڈیجیٹل کانفرنس 2022 کا انعقاد

Tech Nation Conference

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں پہلی ٹیک نیشن ڈیجیٹل کانفرنس 2022 شروع ہو گئی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے 60 سے زائد آئی ٹی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور اداروں کے سربراہان شریک ہیں۔کانفرنس میں 50سے زائد سپیکرز 80ورکشاپس میں 2500سے زائد شرکاء کو انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ہونے والی جدت، ترقی اور مواقعوں سے متعلق آگاہی فراہم کریں گے۔ کانفرنس کا افتتاح وفاقی پارلیمانی سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے کیا اوروائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے پہلے سیشن کی صدارت کی۔یہ پہلا موقع ہے کہ جنوبی پنجاب میں اتنی بڑی تعداد میں آئی ٹی کمپنیاں اور ماہرین ایک پلیٹ فارم پر موجود ہیں۔ اس موقع پر ایک جاب فیئر کا بھی انعقاد کیا گیا ہے جس میں آئی ٹی کمپنیاں یونیورسٹی گریجویٹس کو انٹرپرینیورشپ اور ملازمت و انٹرنشپ کے مواقع فراہم کریں گی۔ کانفرنس کے اشتراک میں وفاقی وزارت کامرس، ڈیجیٹل پاکستان وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، پنجاب سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور پاشا ٹیک سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔اس موقع پروفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کنول شوزب نے کانفرنس کے انعقاد پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور ڈائریکٹر آئی ٹی رضوان مجید کو مبارکباد دی اور کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پہلی یونیورسٹی ہے جس نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبے پر بھرپور توجہ دی اور ٹیکنالوجی پارک بنانے کے حوالے سے اہم اقدامات کر رہی ہے۔ اسلام آباد اور لاہور میں اس طرح کی کانفرنسز ہونا عام بات ہے لیکن بہاولپور میں اسلامیہ یونیورسٹی میں اس کانفرنس کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے۔مقامی نوجوانوں کو اس کانفرنس سے ٹیکنالوجی کے شعبے سے آگاہی روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔کنول شوزب نے کہا کہ وہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھتی ہیں اور یہ دھرتی بقول علامہ اقبال  “ذرہ نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی” ٹیلنٹ سے بھرپور ہے۔ وائس چانسلر یہاں کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کر رہے ہیں۔وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹیکنالوجی کے حوالے سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور بہت سے اقدامات کر رہی ہے جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا قیام ساؤتھ پنجاب کی ترقی میں ایک اہم قدم ہے۔اس کانفرنس میں پاکستان کی تمام بڑی کمپنیز کے لیڈر شرکت کر رہے ہیں جو اب ساؤتھ پنجاب کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ یہاں کے نوجوانوں کو جدید ترین ہنر سے لیس افرادی قوت بنایا جائے گاجس کا فائدہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس علاقے کے نوجوانوں کوملے گا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپو رمیں 53000طلباء وطالبات زیر تعلیم ہیں جن میں سے 8000طلباء وطالبات آئی ٹی کے شعبے سے تعلق رکھتے ہیں اور رحیم یارخان اور بہاولنگر کیمپسز کو بھی یہ سہولیات فراہم کر رہے ہیں کہ وہ ٹیکنو سائیڈ پر آئیں اور پاکستان کو ٹیک نیشن بنائے۔اس موقع پر وائس چانسلر نے اپنے تجربات اور مشاہدات بیان کیے اور انسانی زندگی کے ارتقاء اور ٹیکنالوجی کی ترقی سے متعلق سیر حاصل گفتگو کی۔ ڈائریکٹر آئی ٹی رضوان مجید نے کہا کہ ٹیک نیشن 2022 کا کامیاب آغاز ہو گیاہے۔ٹیک نیشن کمپینز کے ساتھ ساؤتھ پنجاب میں کام کررہے ہیں اور بہت سے سٹارٹ اپ ساؤتھ پنجاب میں کامیابی کے ساتھ پورے پاکستان میں کام کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ٹیک نیشن مختلف ورکشاپس منعقد کرے گی جس میں انڈسٹری کی ضروریات اور اس سے متعلقہ افراد کو یہاں مدعو کیا ہے۔دو دن جاری رہنے والی اس کانفرنس میں کامرس، منسٹری آف انفارمیشن، پی آئی ٹی بی اور بہت سے دوسرے ادارے شامل ہیں تاکہ وہ اس علاقے میں کام کریں اور اس کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی زون کے لیے کام کر رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیک نیشن ورکشاپ ساؤتھ پنجاب کے لوگوں کے لیے مفید ثابت ہو گی اور اس علاقے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد میں خصوصی رہنمائی اور سرپرستی پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبو ب کا شکریہ ادا کیا اور ملک بھر سے آنے والے آئی ٹی کمپنیوں کے سربراہوں اور ماہرین کو بہاولپور میں خوش آمدید کہا۔ دو روزہ کانفرنس کا مقصد جنوبی پنجاب میں آئی ٹی انڈسٹری سے منسلک اداروں کے سربراہوں، ماہرین، سوشل میڈیا ماہرین اورانٹرپرینورزکو اکٹھا کرنا ہے تاکہ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید ترین رجحانات اور معلومات سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا سکے۔اس موقع پر کانفرنس کے آرگنائزر ٹیک نیشن کے عمیر مجید نے کانفرنس کی غرض و غایت بیان کی اور کانفرنس کے انعقاد میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال سابق پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج و موٹیویشنل سپیکر نے حاضرین سے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ساری دنیا کو جوڑدیا ہے اور اب یہ نوجوانوں پر منحصر ہے کہ وہ ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور نہ صرف اپنی زندگی بدلیں بلکہ ملک و قوم کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیں