نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام سنٹرل جیل بہاول پور میں تعلیم بالغاں سنٹرز کی افتتاحی تقریب
نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام سنٹرل جیل بہاول پور میں تعلیم بالغاں سنٹرز کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پرتقریب کے مہمان خصوصی سینئر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل بہاول پور ساجد بیگ تھے ، ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ بہاول پور میاں عبدالغفار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ سید نجم الحسن اور فیلڈ آفیسرز سمیت ناخواندہ اسیران اور جیل عملہ موجود تھا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولؐ سے کیا گیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل بہاول پور ساجد بیگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔انہوں نے قرآن و حدیث کی روشنی میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور ناخواندہ قیدیوں کو تعلیم و تربیت کے حصول کی تلقین کی۔انہوں نے ناخواندہ قیدیوں کی تعلیم وتربیت کے لئے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ بہاول پور میاں عبدالغفارنے اسیران سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت اور عملی زندگی میں تعلیم سے استفادہ کر کے معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بننے کی تلقین کی۔