Contact Us

صادق پبلک سکول، سر صادق محمد خان عباسی خامس کی بصیرت، لگن اورعزمِ صمیم کا عکاس ہے گورنر پنجاب

Governor Punjab addresses 70th Founding day ceremony of Sadiq Public School Bahawalpur

یہ ادارہ اپنی شاندار روایات اور تابناک ماضی پر بجا طور پر فخر کر سکتا ہے۔ اس ادارہ سے ایسی نامور شخصیات فارغ التحصیل ہوئی ہیں جنہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔

میرا صادقین ہونے کے ناطہ صادق پبلک سکول سے دیرینہ تعلق ہے۔ بطور چیئرمین بورڈ آف گورنرز مجھ پہ یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ میں اس ادارے کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کروں۔ ”صادق” نے ہی مجھے اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردارادا کیاہے

چیئرمین بورڈ آف گورنرز صادق پبلک سکول بہاول پور محمد بلیغ الرحمن کا صادق پبلک سکول کے 70ویں یومِ تاسیس (پلاٹینم جوبلی) میں بحثیت مہمانِ خصوصی خطاب

تقریب تقسیم انعامات میں 150 سے زائد طلبہ و طالبات میں انعامات، شیلڈز اور گولڈ میڈل تقسیم کیے گئے مسٹر ڈیوڈ ڈاؤڈلز پرنسپل نے مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی



بہاول پور:18/ فروری: گورنر پنجاب و چیئرمین بورڈ آف گورنرز صادق پبلک سکول بہاول پور محمد بلیغ الرحمن نے صادق پبلک سکول کے 70ویں یومِ تاسیس (پلاٹینم جوبلی) میں بحثیت مہمانِ خصوصی  شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ صادق پبلک سکول، سر صادق محمد خان عباسی خامس کی بصیرت، لگن اورعزمِ صمیم کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ سر صادق محمد خان عباسی انسان دوست  شخصیت تھے جنہوں نے عظیم تعلیمی مقصد کے لیے اس بے مثال درس گاہ کے قیام کے لیے بھر پور تعاون پیش کیا۔ یہ ادارہ اپنی شاندار روایات اور تابناک ماضی پر بجا طور پر فخر کر سکتا ہے۔ اس ادارہ سے  ایسی نامور شخصیات فارغ التحصیل ہوئی ہیں جنہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ حتیٰ کہ آج کی اس تقریب میں بھی میں بہت سی ایسی ممتاز شخصیات کو دیکھ رہا ہوں جنہوں نے اس عظیم ادارے سے تعلیم حاصل کی ہے۔یہ سب اس ادارے کے اہم تاریخی کردار کی وجہ سے ہے جس کی  یہ قوم  توقع کرتی ہے کہ آپ اسی طرح اعلیٰ معیار کے افراد پیدا کرتے رہیں گے اور اخلاقی، ذہنی اور جسمانی تربیت کے اعلیٰ معیار کو یونہی برقرار رکھیں گے جو اس ادارے کی شناخت  اور تکریم کا باعث ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ میرا صادقین ہونے کے ناطہ صادق پبلک سکول  سے دیرینہ تعلق ہے۔ بطور چیئرمین بورڈ آف گورنرز مجھ پہ یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ میں اس ادارے کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کروں۔ ”صادق” نے ہی مجھے اس مقام  تک پہنچانے میں اہم کردارادا کیاہے۔ انہوں نے خطاب میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں  کی اہمیت پرزور دیا۔ مزید براں گورنر پنجاب نے کہا کہ میرے لیے آج کی پریڈ، اس عظیم درسگاہ کے ہیڈ بوائے اور ہیڈ گرل کی تقاریرانتہائی متاثر کن ہیں۔ اس موقع پر میں طلبہ، سٹاف اور سب سے بڑھ کر والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم ادارے سمیت  پاکستان کے چند اور ادارے تمام شعبہ ہائے زندگی میں اعلیٰ معیار کے قائدین پیدا کرنے کا اہم گہوارہ ہیں اور رہیں گے۔مزیدبرآں گورنر پنجاب نے نئے اکیڈمک بلاک اور نئے بورڈنگ ہاؤس کا سنگِ بنیاد رکھا اور اس امید کا اظہار کیا کہ سکول کے مکمل انفراسٹرکچر میں ترقی کا عمل جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ قبل ازیں سکول کے ہیڈ بوائے  سعد عبداللہ اور ہیڈ گرل صفیہ ملک نے اپنی تقاریر میں سکول میں قیام کے دوران اپنی کامیابیوں کا تذکرہ کیا اور سکول میں گزرے لمحات  کو بیان کیا۔اس موقع پر پرنسپل ادارہ ڈیوڈ ڈاؤڈلز نے اپنے سپاسنامے میں سکول کی نصابی، ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ ہٰذا کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات اندرون اور بیرون ملک زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔تقریب تقسیم انعامات میں 150 سے زائد طلبہ و طالبات میں انعامات، شیلڈز اور گولڈ میڈل تقسیم کیے گئے۔ مسٹر ڈیوڈ   ڈاؤڈلز پرنسپل نے مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔بعد ازاں گورنر پنجاب نے سکول کے طلبہ و طالبات کی جانب  سے تیار کردہ مختلف سائنس پراجیکٹس کی نمائش کا افتتاح کیا اور طلبہ و طالبات کی اس اہم کارکردگی کو سراہا۔ تقریب میں  اولڈ صادقینز کے علاوہ ممبرز بورڈ آف گورنرز، ملک بھر سے آئے ہوئے طلبا و طالبات کے والدین، اعلیٰ سرکاری افسران، سیاسی شخصیات اور عمائدین شہر نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں