Contact Us

پاک چین دوستی دنیا میں اپنی مثال آپ ہے چائینز قونصلیٹ جنرل کے تعاون سے بہاول پور میں ایڈوانس آئی ٹی لیب کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے گورنر پنجاب

Governor Punjab inaugurates Advance IT Lab in Bahawalpur

نوجوان نسل کو فنی تعلیم سے بہرہ مند کرنا وقت کی ضرورت اورقومی پیداوار اور ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے

گورنر پنجاب بلیغ الرحمن  کا  گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی بہاول پور میں دوست ملک چین کے تعاون سے قائم کی گئی ایڈوانس آئی ٹی لیب کے افتتاح کے موقع پرخطاب


بہاول پور:4 /دسمبر: نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان پر سرمایہ کاری ملکی ترقی کی ضمانت ہے۔ نوجوان نسل کو فنی تعلیم سے بہرہ مند کرنا وقت کی ضرورت اورقومی پیداوار اور ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔یہ بات گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی بہاول پور میں دوست ملک چین کے تعاون سے قائم کی گئی ایڈوانس آئی ٹی لیب کے افتتاح کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر (ریٹائرد) محمد ساجدکھوکھر(ستارہ امتیاز ملٹری)، ڈائریکٹر جنرل آپریشنز ٹیوٹا عامر عزیز، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نوید احمد، کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور، آر پی او بہاول پور رائے بابر سعید اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، صدر چیمبر آف کامرس ذوالفقار مان، مسلم لیگی رہنما ڈاکٹر رانا محمد طارق، میاں شاہد اقبال، سول سوسائٹی کے اراکین، اساتذہ و طلبا شریک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ کی پاسداری سے معاشرے ترقی کرتے ہیں اور آئین اور قانون کی بالادستی سے ملکی ترقی کا سفر تیز تر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے نوجوانوں کو مایوسی کے اندھیرے میں دھکیلا اور نفرت کی آبیاری کی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ دنیا میں چین سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ پاک چین دوستی دنیا میں اپنی مثال آپ ہے اور چائینز قونصلیٹ جنرل کے تعاون سے بہاول پور میں ایڈوانس آئی ٹی لیب کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طلبہ و طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ زیادہ سے زیادہ ہنر مند نوجوان تیار کرنے کے سلسلے میں ہم کئی منصوبوں پر کام کرہے ہیں تاکہ یہ افرادی قوت مختلف شعبوں میں کام کرکے بہترین روزگار حاصل کرسکیں۔ قبل ازیں چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈئیر (ر) محمد ساجد کھرکھرنے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کاشکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے جدید آئی ٹیب لیب کا افتتاح کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ترقی پذیر ممالک بشمول پاکستان ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ کی اہمیت اور ضرورت سے انکار ممکن نہیں۔ ٹیوٹا پنجاب اسی وژن کے تحت400 کے لگ بھگ اداروں میں صوبہ بھر میں تین ماہ سے تین سال تک کے 150 مختلف کورسز کی تربیت فراہم کررہا ہے جس سے نوے ہزار سے زائد طلبا و طالبات مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کورسز میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف کورسز بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کی فنی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے معیاری اور ہنرمند ہیومن ریسورس کی ضرورت ہے جس کے لیے صوبائی حکومت جدید ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگز کے ذریعے ہنر مند افراد تیار کر کے انڈسٹری کو فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے

مزید پڑھیں