Contact Us

مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کریں گے، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی

flood relief compagn from iub

اسلامیہ یونیورسٹی کے اساتذہ، ملازمین اور طلبا ء وطالبات مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کریں گے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے اساتذہ، ملازمین اور طلبا ء وطالبات مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کریں گے۔ وائس چانسلر نے اس بات کا اظہار سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے چلائی جانے والی مہم کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا اور رضاکار طلباء وطالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ وائس چانسلر نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور ان سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث جنوبی پنجاب کے اضلاع راجن پور اور رحیم یار خان بہت متاثر ہوئے ہیں۔صوبہ سند ھ اور بلوچستان میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اس مشکل گھڑی میں اپنے سیلاب زدگان بھائی بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وائس چانسلر کی ہدایت پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں سیلاب متاثرین کے لیے مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے فنڈز اور امدادی سامان جمع کیا جائے گا جسے سیلاب زدہ علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔ یونیورسٹی کے رضا کار طلباء وطالبات اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے اور اس قومی مہم میں شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ رحیم یارخان کیمپس ڈائریکٹر عمیر اشرف کی زیر نگرانی رحیم یار خان کے دریائی علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے اور سیلاب متاثرین تک راشن، ادویات اور دیگر سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ اسی طرح شعبہ میڈیا سٹڈیز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالواجد خان کی زیر نگرانی فنڈز جمع کرنے کی مہم چلائی جا رہی ہے اور فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے چیراٹی شو بھی منعقد کیا جائیگا۔ وائس چانسلرانجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے اساتذہ، ملازمین، مخیر حضرات اور طلباء وطالبات سے اپیل کی کہ سیلاب متاثرین کا اس مشکل وقت میں ساتھ دیں اور زیادہ سے زیادہ ان کی مدد کریں۔

مزید پڑھیں