Contact Us

نشہ آور ادویات کے استعمال کے خاتمہ کے لئے مؤثر اقدامات بروئے کار لائے جائیں: ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ

Effective measures should be taken to eliminate the use of narcotic drugs

بہاول پور:18/فروری : ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ نشہ آور ادویات کے استعمال کے خاتمہ کے لئے مؤثر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ اس سلسلہ میں محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر، محکمہ تعلیم، سپورٹس، دیگر متعلقہ ادارے اور سول سوسائٹی کے نمائندگان اپنا کردار ادا کریں۔ وہ دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر سمیرا ربانی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد عذیر، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد محمود آرائیں، ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ز ہسپتال اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ نشہ آور ادویات کے استعمال سے محفوظ رکھنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اس بارے لوگوں کا شعور اجاگر کرنے کے شوشل موبلائزیشن مہم شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اور کالجز میں سیمینار منعقد کئے جائیں جن میں ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کی جائیں نیز آگاہی واک کی جائے تاکہ انہیں نشہ آور ادویات کے نقصانات سے آگاہ کر کے ان کی زندگی محفوظ بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند زندگی برقرار رکھنے اور نشہ آور ادویات سے بچاؤ کے لئے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈرگ کے استعمال سے محفوظ رکھنے کے لئے سول سوسائٹی کے افراد اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے ڈرگ استعمال کرنے والے افراد کی رجسٹریشن کی جائے تاکہ ان کے علاج معالجہ اور بحالی کے کام کئے جائیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں نشہ آور ادویات کے استعمال کرنے والے افراد کے علاج معالجہ اور بحالی کے لئے 10بستر پر مشتمل وارڈ قائم ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے بتایا کہ ڈرگ استعمال کرنے والے افراد کے علاج معالجہ اور بحالی کے کاموں کے لئے بہاول پور ضلع میں ایک سنٹر کے قیام کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں