بہاول پور:28/جون : ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے دنوں میں بہاول پور سٹی، صدراور ڈسٹرکٹ کی تمام تحصیلوں احمد پور،یزمان،خیر پور ٹامیوالی،حاصل پور میں صفائی کی بہترین صورتحال برقرار رکھنے اور قربانی کے جانوروں کی باقیات کو شہر سے باہر تلف کرنے کے لیے تمام تر ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں میڈیا کے نمائندگان کو عید الاضحٰی انتظامات کے بارے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عید ایام میں انتظامی افسران اور متعلقہ محکموں کے افسران فیلڈ میں متحرک رہیں گے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر،سی ای او بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر اور میڈیا کے نمائندگان موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرظہیر انور جپہ نے بتایا کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالہ اور مانیٹرنگ کے لیے ان کے آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جہاں شہری 062-9250502 پر اپنی شکایات سے آگاہ کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور اور احمد پور شرقیہ میں عید الاضحی پرصفائی اور جانوروں کی باقیات کی لفٹنگ کا کام بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سر انجام دے گی جبکہ ضلع کونسل کے علاقہ جات میں ضلع کونسل کے سینٹری سٹاف اور تحصیلوں میں قائم میونسپل کمیٹیوں میں متعلقہ سٹاف خدمات سر انجام دے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے بھی صفائی ستھرائی کے کاموں کے حوالہ سے لوگوں کا شعور اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ویسٹ بیگز میں ڈال کر مختص کئے گئے پوائنٹس پر تلف کی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کمیٹی کی جانب سے آلائشئں روزانہ کی بنیاد پر بروقت تلف کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں عوام الناس بھر پورتعاون کریں۔اس موقع پر سی ای اونعیم اختر نے بریفنگ میں بتایا کہ عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران اور 850 سینیٹری ورکرز اپنی ڈیوٹی پر پابند رہیں گے اورشہریوں کی سہولت کے لیے شہر بھر میں 34 عید کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عید کے تینوں دنوں کے دوران جانوروں کی آلائشیں اور دیگر فضلات کوبروقت اٹھانے کے لیے کمپنی کی90 سے زائد گاڑیاں بھی فیلڈ میں متحرک رہیں گی۔ علاوہ ازیں شہریوں میں جانوروں کی آلائشوں کے لیے 1 لاکھ فری پلاسٹک بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔سی ای او بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بتایا کہ جانوروں کی باقیات کو بروقت اور ماحولیاتی تقاضوں کے مطابق ٹھکانے لگانے کے لیے بھی ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے میڈیا کے نمائندگان کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔