مطیع اللہ خان بہاولپور کے قابل فخر فرزند تھے۔ میرے والد نواب صلاح الدین عباسی بھی ان کے انتقال پر افسردہ ہیں
امیر آف بہاولپور کے ولی عہد کی مطیع اللہ خان کی اقامت گاہ پر آمد مرحوم کے فرزند گان سے دلی تعزیت کی
بہاولپور (سٹاف رپورٹر) پرنس بہاول عباس خان عباسی نے کہا ہے کہ اولمپیئن مطیع اللہ خان مرحوم نے ہاکی کے میدان میں دنیا بھرمیں پاکستان کا نام روشن کیا۔ وہ بہاولپور کی دھرتی کے قابل فخر فرزند تھے۔ جن کے انتقال سے بہاولپوری عوام اور ہاکی کے شائقین کو دلی صدمہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اولمپیئن مطیع اللہ خان مرحوم کی اقامت گاہ پر اُن کے صاحبزادگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ پرنس بہاول خان عباسی نے کہا کہ مطیع اللہ خان کے انتقال پر اُن کے والد امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی بھی افسردہ ہیں۔ امیر آف بہاولپورکے ولی عہد نے اس موقع پر مطیع اللہ خان مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خانی کی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ میاں نوید ایاز ایڈووکیٹ، سابق سول جج یحییٰ خان کلاچی، ملک محبوب آرائیں ایڈووکیٹ، میاں عبدالمجیدجمشید اور دیگراُن کے ہمراہ تھے۔