کمشنر بہاول پور ڈویژن نادر چٹھہ کی صدارت میں کاٹن کراپ مینجمنٹ مانیٹرنگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس

commissioner Bahawalpur Division Nsdar Chattha chairs Divisional Cotton Crop Management Committee Meeting

امسال 18لاکھ 69ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی جا رہی ہے اور اب تک 65فیصد رقبے پرکپاس کی کاشت مکمل ہو چکی ہے ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد جمیل غوری


بہاول پور:13/ مئی: کمشنر بہاول پور ڈویژن نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل کی کاشت بروقت مکمل کی جائے اور اس سلسلہ میں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، محکمہ انہار اور محکمہ زراعت کے تعاون سے کپاس کی بجائی والے علاقوں میں پانی کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے کاٹن کراپ مینجمنٹ مانیٹرنگ کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیاقت علی گیلانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر محمد شفیق، ڈسٹرکٹ منیجر ایف ایف سی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد جمیل غوری نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امسال 18لاکھ 69ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی جا رہی ہے اور اب تک 65فیصد رقبے پرکپاس کی کاشت مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی ماندہ رقبہ پر 28مئی تک کپاس کی کاشت مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ کپاس کی کاشت کے مقررہ اہداف کے حصول میں نہروں میں پانی کی کمی اور گرم موسم بڑے چیلنجز ہیں جن سے نبردآزما ہونے کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگیتی کپاس میں گلابی سنڈی اور ڈسکی کاٹن بگ کا حملہ بھی مشاہدہ میں آیا ہے جس کے تدارک کے لئے محکمہ زراعت کی   ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔محمد جمیل غوری نے بتایا کہ فی الوقت کاشتکاروں کو کسی قسم کی سپرے نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ کپاس کی فصل میں دوست کیڑوں کی افزائش ہوسکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کاشتکاروں کوفارمرز ٹریننگ کے لئے متحرک کرنے اور ان میں آگاہی بیدار کرنے کے لئے محکمہ زراعت اور نجی کمپنیوں کے باہمی اشتراک سے تحصیل، موضع اور مرکز کی سطح پرآگاہی سیمینارزاور فارمرز کے اجتماع جیسے اقدامات بھی بروئے کار لائے جا رہے ہیں جن سے کاشتکاروں کی کثیر تعدادمستفید ہو رہی ہے۔نیز کھادوں کی بروقت اور وافر مقدار میں دستیابی کے لئے حکومت پنجاب 2لاکھ میٹرک ٹن یوریا بھی درآمد کر رہی ہے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت کے افسران اور فیلڈ سٹاف کاشتکاروں کی دہلیز پر جا کر اپنی خدمات سرانجام دیں اور غیر معیاری کھادوں اورجعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھی سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت، محکمہ انہار اورزراعت سے وابستہ دیگر تمام محکموں کے افسران و ملازمین جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر فرائض منصبی ادا کریں اور کاشتکاروں کے مسائل کے حل اور ان میں آگاہی بیدار کرنے کے لئے تمام تر عملی اقدامات بروئے کار لائے جائیں

مزید پڑھیں