بہاول پور:21/ نومبر کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے گورنمنٹ شیلٹر ہوم (دارالامان)کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پرڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سحر صدیقہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد عزیر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر راجہ جہانگیر انو رنے ہدایت کی کہ شیلٹر ہوم دارالامان میں مقیم خواتین کی کونسلنگ کے لیے سائیکاٹرسٹ ڈاکٹر کا انتظام کیا جائے اور انھیں ممکن سہولیات دی جائیں۔ انہوں نے باورچی خانے اور بیڈ روم کی صفائی ستھرائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں کمشنر راجہ جہانگیر انور نے اسلامی کالونی میں قائم دارالاطفال مردانہ کا بھی دورہ کیا اور ادارے میں مقیم بچوں کے لیے دستیاب سہولیات اور وانتظام و انصرام کا جائزہ لیا۔ وہ بچوں میں گھل مل گئے اور خوب گپ شپ کی۔ انھوں نے کہا کہ دارالاطفال مردانہ میں ہر پندرہ دن کے بعد ایک ماہر ڈاکٹر بچوں کا معائنہ کریں گے۔ کمشنربہاول پورنے صفائی ستھرائی اور بچوں کو دی جانے والی سہولیات کو بہترین قرار دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سے عمارت کی مرمت اور رنگ وروغن کے کام فوری طور پر کرائے جائیں۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کچن کی صفائی اور بچوں کے رہائشی کمروں کی حالت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر راجہ جہانگیر انور نے دارالاطفال مردانہ میں مقیم ایک بچے کو بخار کی حالت میں دیکھ کر فوری طور پر ڈاکٹرز کو بلاکر چیک اپ کرانے کی ہدایت کی۔ دورے کے موقع پر سپرنٹنڈنٹ دارالاطفال مردانہ محمد اصغر شاہین نے بریفنگ میں کمشنر بہاول پور کو بتایا کہ یہ ادارہ 1902 میں نواب سر صادق محمد خان خامس عباسی کے دور میں قائم ہوا اور اس وقت یہاں 52 بچے زیر تعلیم ہیں جہاں پر بچوں کو تمام ضروری سہولتیں حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی ہیں۔