Contact Us

کمشنربہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کا ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کے ہمراہ رحیم یار خان ضلع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

commissioner-and-deputy-commissioner-bahawalpur-visited-the-flood-affected-areas-of-rahim-yar-khan-district

بہاول پور:6/ ستمبر  کمشنربہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کے ہمراہ رحیم یار خان ضلع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انھوں نے اس موقع پر مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ روجھان اور رحیم یار خان کے متاثرہ مواضعات میں بے گھر خاندانوں کو خوراک اورخیمے فوری طور پر فراہم کئے جائیں۔انھوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد میں ضلع و صوبوں کی سرحدوں بارے کوئی تفریق نہ کی جائے۔کمشنر بہاول پور راجہ جہانگیر انور نے موضع کچہ چوہان اور موضع چاکر تحصیل روجھان کے متاثرہ خاندانوں سے بات چیت کی اورہز ہائی نس شیخ خلیفہ برج پر سیلاب سے متاثرہ پناہ گزینوں سے مسائل دریافت کئے۔ انہوں نے شیخ خلیفہ برج پر جاری کاموں کا جائزہ لیااور کیمپ آفس کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر بہاول پور کو شیخ خلیفہ برج پر کام کرنے والے محکموں ایف ڈبلیو او، نیسپاک اور ہائی ویز حکام نے بریفنگ دی۔ سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ متاثرہ افراد چاہے کسی بھی ضلع یا صوبہ سے تعلق رکھتے ہوں انتظامیہ فوری طور پر ان کی مدد کو پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے پنجاب حکومت تمام وسائل فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کی بحالی تک کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔راجہ جہانگیر انور نے ہدایت کی کہ سیلابی پانی میں کمی آتے ہی اپروچ روڈز کی تعمیر میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا شیخ خلیفہ برج اپروچ روڈز کی بروقت تکمیل دونوں اضلاع کی عوام میں معاشی ترقی لائے گی۔ ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں سید موسیٰ رضانے اس موقع پر بتایا کہ ضلع رحیم یارخاں میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ انھوں نے کہا کہ وہ خودسیلاب سے متاثرہ مواضعات میں ریلیف کے کاموں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پانی کی سطح میں کمی آتے ہی نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ دریائے سندھ میں اندرون منچن بند مواضعات کی فصلیں اور گھرانے متاثر ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں