Contact Us

بہاول پور کے تاریخی قلعے، ثقافتی ورثہ اور ہزاروں سال قدیم پرانی تہذیب کے آثار انٹرنیشنل ٹورازم کے لئے شاندار امکانات کے حامل ہیں کمشنر ڈاکٹر احتشام انور

Commissioner talks about possibilities regarding international Tourism in Bahawalpur

چولستان کو سیاحتی مرکز بنانے کے لئے گریٹر ڈیراور فورٹ پارک کا منصوبہ زیر غور ہے جس میں قلعہ ڈیراور، تاریخی شاہی مسجد اور شاہی قبرستان کو محفوظ بنانے اور وہاں تھیم پارک بنا کر اس عالمی سطح کا سیاحتی مرکز بنایا جائے گا۔

کمشنر  بہاول پور ڈویژن کا بہاولپور میں سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے”شہری اور حکومت ساتھ ساتھ“کے موضوع پر منعقدہ ایک تقریب میں اظہار خیال , سیاحتی ویب سائٹ ایکسپلور بہاول پور کا افتتاح کیا اور اس میں موجود پورٹلز بارے آگاہ کیا


بہاول پور:16/نومبر  کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ بہاول پور اپنی منفرد خصوصیات کی وجہ سے ایک حیرت کدہ ہے۔ اس خطہ کے تاریخی و ثقافتی ورثہ کو دنیا کے سامنے بہتر انداز میں پیش کر کے سیاحت کو فروغ دینے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور میں سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے”شہری اور حکومت ساتھ ساتھ“کے موضوع پر منعقدہ ایک تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے اس موقع پرسیاحتی ویب سائٹ ایکسپلور بہاول پور کا افتتاح کیا اور اس میں موجود پورٹلز بارے آگاہ کیا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ چولستان اور بہاول پور میں موسم سرما کی سیاحت کے لئے زبردست پوٹینشل موجود ہے۔ یہاں کے تاریخی قلعے، ثقافتی ورثہ اور ہزاروں سال قدیم پرانی تہذیب کے آثار انٹرنیشنل ٹورازم کے لئے شاندار امکانات کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چولستان میں 5ہزار سال پرانی تہذیب کے آثار دریافت ہو چکے ہیں۔ چولستان میں مدفون قدیم شہر ”گویری والا“ کی باقیات کی دریافت و بحالی کے لئے کھدائی کے کام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چولستان کو سیاحتی مرکز بنانے کے لئے گریٹر ڈیراور فورٹ پارک کا منصوبہ زیر غور ہے جس میں قلعہ ڈیراور، تاریخی شاہی مسجد اور شاہی قبرستان کو محفوظ بنانے اور وہاں تھیم پارک بنا کر اس عالمی سطح کا سیاحتی مرکز بنایا جائے گا۔ اسی طرح چولستان میں موجود 19قلعوں کو ان کی اصل حالت میں محفوظ بنا کر سیاحت کے لئے بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دبئی اور مصر کی طرز پر صحرا میں سیاحت کے لئے سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ زیر تجویز ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے سیاحتی مرکز کے طور پر بہاول پور ڈویژن بالخصوص چولستان کو دستیاب وسائل کے مطابق دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹورازم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین امکانات موجود ہیں۔ اس سلسلہ میں چیمبر آف کامرس بہاول پور اور دیگر کاروباری اداروں و افراد کو اس سیاحتی مرکز میں سرمایہ کاری کے لئے حوصلہ افزائی کی جائے گی اور حکومتی اداروں کی مکمل معاونت فراہم کرنے کے لئے آسان طریقہ کار وضع کیاجائے گا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے دیگر اقدامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خطہ بہاول پور کے نوجوانوں کے لئے سپورٹس کی سہولیات کی فراہمی کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔بہاول پور ڈرنگ اسٹیڈیم میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر اور بوائز و گرلز کے لئے ہاکی اکیڈمی کا قیام جلد مکمل کر لیا جائے گا تاکہ یہاں کے نوجوان قومی و بین الاقوامی سطح پر کھیل کے میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ کمشنر بہاول پورڈویژن نے بورسٹل جیل بہاول پور کے اسیر بچوں کے لئے بورڈنگ سکولز کی طرز پر تعلیم وتربیت اور کردار سازی کے منصوبہ سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بارے بھی آگاہ کیا۔کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے حالیہ مکمل کئے گئے تعمیر و ترقی کے منصوبہ جات بشمول تھیم پارک، جھانگڑہ شرقی موٹر وے لنک روڈ، سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ،کپاس کی کاشت و پیداوار، جنکشن ریسٹورنٹ کا قیام، ماڈل ویسٹ مینجمنٹ سسٹم اور شہریوں کے لئے 1718 ہیلپ لائن کے قیام بارے بھی آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ نے تقریب کے شرکاء کو خطہ میں سیاحت کے نئے امکانات بارے آگاہ کیا۔ صدر بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ذوالفقار علی مان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور شعبہ سیاحت میں سرمایہ کاری کے لئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب میں صدر بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ذوالفقار علی مان، ایڈیشنل کمشنر رابطہ جام آفتاب،ایڈیشنل کمشنر اشتمال اشفاق سیال، اسسٹنٹ کمشنر جنرل محمد طیب،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عدیل خان، عمر داؤد، جنرل سیکرٹری جم خانہ ملک اعجاز ناظم، ظفر شریف،سابق صدر چیمبر آف کامرس جاوید اقبال، وکلاء، ڈاکٹرز، انجمن تاجران کے نمائندگان،اسلامیہ یونیورسٹی کے اساتذہ،پروفیسر ڈاکٹر شاہد حسن رضوی، ڈاکٹر نصر اللہ خاں ناصر، بہاول پور چیمبر آف کامرس کے اراکین، بزنس کمیونٹی اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت معززین شہر نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں