پی اے ایف کالج سرگودھا کی ٹیم نے چیمپیئن ٹرافی جیت لی۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی دوسری پوزیشن رہی۔
مہمان خصوصی ڈیوڈ ڈاؤڈلز پرنسپل صادق پبلک سکول نے جیتنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے
بہاول پور : صادق پبلک سکول بہاول پور میں اٹھائیسواں (28) کُل پاکستان خان انور سکندر خان بین الکلیاتی ذولسانی تقریری مقابلہ منعقد ہوا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی مسٹر ڈیوڈ ڈاؤڈلز پرنسپل صادق پبلک سکول تھے۔ منصفین کے نتائج کے مطابق پی اے ایف کالج سرگودھا کی ٹیم نے چیمپیئن ٹرافی جیت لی۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی دوسری پوزیشن رہی۔ انفرادی طور پر انگریزی میں فاطمہ فرٹیلائزر سکول مختار گڑھ صادق آباد کی عائشہ عمر نے پہلی، ایف ایف سی گرامر سکول گوٹھ ماچھی صادق آباد کی ہاجرہ احمد نے دوسری اورپی اے ایف کالج سرگودھا کے حیدر علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ملتان پبلک سکول ملتان کے سید محمد اشہد الحق گیلانی کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔اردو مقابلے میں پی اے ایف کالج سرگودھا کےحذیفہ خالد اول، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے محمدطیب یار دوم اور پی اے ایف کالج لوئر ٹوپہ مری کےجواد رضا سوم رہے۔گیریژن کیڈٹ کالج کوہاٹ کے مؤدت حسین کو حوصلہ افزائی کا انعام دیا گیا۔ اس مقابلے میں ملک بھر کے معروف بائیس (22) تعلیمی اداروں کے44 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔انگریزی منصفین کے فرائض پروفیسر ثمینہ ظہیر(ہیڈ مسٹریس جونیئر سیکشن)، پروفیسربینش فاطمہ اور پروفیسر فضہ علی بینش نے انجام دیے جبکہ اردو منصفین پروفیسر شاذیہ انور، پروفیسر نورین غضنفر اور پروفیسرعابدہ پروین تھیں۔ سعد عبداللہ نے صدارت کی اور صفیہ ملک نے نظامت کے فرائض سرانجام دیے۔مسٹر ڈیوڈ ڈاؤڈلز پرنسپل صادق پبلک سکول نے اپنے خطاب میں انعامات پانے والے طلبہ و طالبات کو مبارک باد دی۔تمام حصہ لینے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔ اس کے بعد مہمان خصوصی نے جیتنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے، منصفین اور مہمان ٹیموں کے ہمراہ آنے والے اساتذہ کو سکول کا نشان پیش کیا۔