Contact Us

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے قائد اعظم میڈیکل کالج کے ساتویں کانووکیشن میں 200 میڈیکل گریجویٹس کو ڈگریاں،میڈلز اور شیلڈز عطا کیں

7th Convocation of Quaid-e-Azam Medical College

مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی رمشا طلعت نے17 گولڈ میڈل حاصل کیے

پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ادارہ کی سالانہ کارکردگی سے آگاہ کیا

7th Convocation of Quaid-e-Azam Medical College

بہاول پور:16/جون  گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان نسل قیمتی اثاثہ ہیں اور شعبہ تعلیم کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے قائد اعظم میڈیکل کالج بہاول پور کے ساتویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ شعبہ صحت اور تعلیم میں اعلیٰ تحقیق وقت کی ضرورت ہے اور اعلیٰ دانش گاہوں میں تحقیق کے کلچر کو فروغ دے کر ترقی کے سفر کو تیز کرسکتے ہیں۔گورنر پنجاب نے قائد اعظم میڈیکل کالج کے200میڈیکل گریجویٹس کو ڈگریاں،میڈلز اور شیلڈز عطا کیں۔ گورنر پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلباو طالبات کی کامیابی میں والدین اور اساتذہ کرام کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ کامیاب ہونے والے طلبا و طالبات اپنے والدین اور اساتذہ کے شکر گزار بنیں۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں ہمیشہ بہتر سے بہتر بننے کے لیے سیکھنے کے عمل کو جاری رکھیں اور میڈیکل گریجویٹس اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بھی آراستہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور کی تعمیر و ترقی میں نواب سرصادق محمد خان خامس عباسی کی خدمات قابل قدر ہیں۔ ان کے شعبہ صحت اور تعلیم کے لیے گراں قدر کارہائے نمایاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ طلبا و طالبات منطقی استدلال کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور خود تحقیق کریں کہ کن ادوار میں گرین پاسپورٹ کو ترقی اور عزت ملی۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان نسل تحقیق کرے کہ کس دورِ حکومت میں جی ڈی پی گروتھ سب سے زیادہ تھی اور تعلیم پر توجہ کس حکمران نے دی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور ِ حکومت میں بہاول پور میں خطیر رقم سے متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔ بہاول پور میں 410  بیڈز کا سرصادق محمد خاں عباسی ہسپتال، بہاول پور بلڈ بینک، ڈرگ ٹیسٹنگ لیب قائم کی گئی۔ بون میرو اور تھیلسمیا سنٹر، کڈنی و کارڈیک سنٹر جیسے منصوبے مکمل کیے گئے۔ گورنر پنجاب نے9مئی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء سانجھے ہوتے ہیں اور نشانِ حیدر حاصل کرنے والے بہادر سپوتوں نے اپنی جان کا نذرانہ وطن کے لیے پیش کیا، ان کی عزت و تکریم ہم پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر افواج پاکستان ہمارے لیے باعث عزت و تکریم ہیں۔ کانووکیشن میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی رمشا طلعت نے17 گولڈ میڈل حاصل کیے۔ قائداعظم میڈیکل کالج بہاول پور کے سالانہ کانووکیشن کی تقریب میں وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب، وائس چانسلر گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز، سابق پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج، ڈاکٹر رانا محمد طارق، میاں شاہد اقبال، طلبا و طالبات اور والدین نے شرکت کی۔پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور ادارہ کی سالانہ کارکردگی سے آگاہ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر مظہر فیض عالم نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دئیے۔

7th Convocation of Quaid-e-Azam Medical College

مزید پڑھیں