Contact Us

نواب سر صادق محمد خان خامس عباسی نے عالمی معیار کو سامنے رکھتے ہوئے صادق پبلک سکول کا عظیم الشان ادارہ قائم کیاگورنر پنجاب۔ چو دھری محمد سرور کا صادق پبلک سکول کے 68ویں یومِ تاسیس میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب

68th Foundation Day of Sadiq Public School

بہاول پور:26/مارچ ( )گورنر پنجاب و چیئرمین بورڈ آف گورنرز صادق پبلک سکول بہاول پور چو دھری محمد سرور نے  صادق پبلک سکول کے 68ویں یومِ تاسیس میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔انہوں نے اپنے خطاب میں امیر بہاول پور نواب سر صادق محمد خان خامس عباسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی معیار کو سامنے رکھتے ہوئے یہ عظیم الشان ادارہ قائم کیاجو نہ صرف ریاست بہاول پور اور جنوبی پنجاب بلکہ پورے پاکستان کا ہر لحاظ سے ایک منفردتعلیمی ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صادق پبلک سکول کے قیام کا بنیادی مقصد بہاول پور کی نسلِ نو کی تعلیم سے دلچسپی ہے۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ یہ عظیم تعلیمی درسگاہ تعلیم، سماجی بہبود بالخصوص اہلِ بہاول پور اور بالعموم پاکستانی عوام کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا بہاول پور سے دیرینہ تعلق ہے، بہاول پور بہت خوبصورت خطہ ہے اور صادق پبلک سکول جیسے تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کرنا طلباء و طالبات کے لئے اعزاز ہے۔ انہوں نے تلقین کی کہ طلبہ صادق پبلک سکول کے سٹاف کی طرف سے پیش کردہ کھیلوں کی سرگرمیوں، کلب اور سماجی خدمات کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا کر صادق پبلک سکول میں اپنے قیام کے دورانیے کو بہترین بنائیں۔ گورنر پنجاب نے پرنسپل صادق پبلک سکول مسٹر پیٹر سٹیون گڈنز کو گرلز بورڈنگ ہاؤس کی تعمیر پر مبارکباد پیش کی جس میں دور افتادہ علاقوں کی120 لڑکیاں صادق پبلک سکول کے پیش کردہ مواقع سے مستفید ہو ں گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کووِڈ-19کی  وجہ سے پوری دنیا میں مشکلات پیدا ہوئیں اور تعلیمی سرگرمیاں معطل رہی ہیں لیکن مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ صادق پبلک سکول سے وابستہ افراد اس و با سے احسن طریقے سے نبردآزما ہوئے ہیں اور تعلیمی پروگرام میں کم سے کم رکاوٹ رہی۔قبل ازیں پرنسپل پیٹر سٹیون گڈنز (Peter Steven Giddens)نے اپنے سپاسنامے میں سکول کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ ہٰذا کے فارغ التحصیل طلباوطالبات اندرون و بیرون ملک زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔تقریب تقسیم انعامات میں طلبا و طالبات میں انعامات اور گولڈ میڈلز تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں ممبران بورڈ آف گورنرز میجر جنرل منیر الدین جی او سی 35 ڈویژن بہاول پور، ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی، مسعود اختر آفریدی، سردار ایوب خان گھلو، مخدوم افتخار الحسن گیلانی، عثمان فاروق ملک، بیگم شہناز شاہد حامد، ڈاکٹر رمشہ خان اور ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن سکولز جنوبی پنجاب، ملک بھر سے آئے ہوئے طلبا و طالبات کے والدین اور عمائدین شہر نے شرکت کی اور تقریب کو گہری دلچسپی سے دیکھا اور طلبا و طالبات کی کارکردگی کو سراہا۔ قبل ازیں گورنر پنجاب و چیئرمین بورڈ آف گورنرز صادق پبلک سکول چوہدری محمد سرور نے صادق پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کی۔

68th Foundation Day of Sadiq Public School 2

مزید پڑھیں