سکولمپکس 2023ء (سیزن تھری) بہاول پور: منظر، پس منظر
محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیراہتمام آج 6 نومبر سے 10 نومبر تک ’سکولمپکس‘کے نام سے کھیلوں کی سب سے اہم اور منظم سرگرمی کا آغاز سے بہاول پور میں آغاز ہو رہا ہے۔سکولمپکس مقابلوں کا انعقاد اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد اقدام ہے جو بین الاقوامی اولمپکس گیمز کی طرز پر کھیلے جائیں گے۔ 2023ء کے سیزن تھری کے لیے سکولمپکس کی میزبانی ضلع بہاول پور کو سونپی گئی ہے۔ اس سلسلے میں بہاول پور میں نہ صرف پانچ روز کے لیے سکولمپکس ویلج بسایا گیا ہے، بلکہ ان تمام دنوں میں مقابلہ جات کی تکمیل تک سکولمپکس کی روایتی مشعل بھی مسلسل فروزاں رہے گی۔ جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع سے سیکڑوں کھلاڑی مختلف کھیلوں میں طلائی، نقرئی اور کانسی کے تمغوں کے لیے مقابلہ کریں گے۔سکولمپکس کی افتتاحی تقریب آج سہ پہر ڈھائی بجے فوروال اسٹیڈیم بہاول پور میں منعقدہو گی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر سکولپکس گیمز کا باقاعدہ افتتاح کریں گے، اس موقع پر کمشنر بہاول پور ڈویژن بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور،محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹریز سیدہ سروش فاطمہ شیرازی، خواجہ مظہر الحق اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیرانور جپہ تقریب میں شرکت کریں گے۔
2021ء میں پہلی مرتبہ سکولمپکس گیمز کا انعقاد ڈیرہ غازی خان میں ہوا، جب کہ 2022 ء میں سیزن ٹو کے مقابلوں کی میزبانی ضلع ملتان کے حصے میں آئی۔ ملتان میں منعقدہ سکولمپکس گیمز میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے علاوہ پہلی مرتبہ صوبہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور ریاست آزاد جموں و کشمیر سے بھی کثیر تعداد میں کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ امسال بہاول پور میں منعقد ہونے والے سکولمپکس گیمز میں بھی ملک بھر سے سیکڑوں کھلاڑی شرکت کر کے اپنے اپنے صوبوں کی نمائندگی کریں گے۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان کی ہدایات پر پہلی مرتبہ دینی مدارس، ٹرانس جینڈر سکولز، صبح نو سکولز اور نجی تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو سکولمپکس 2023ء کا حصہ بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی پنجاب میں اتنے اعلیٰ پیمانے پر کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا اور یقیناً یہ ایونٹ آنے والے مقابلوں کے لیے روشن سنگ میل ثابت ہوگا۔ سکولمپکس گیمز کا نصب العین تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی بحالی اور بین الاقوامی معیار کے حامل کھلاڑی تیار کرنے کے لیے نرسری بنانا ہے۔ اس کا ایک مقصد بچوں کی توجہ کمپیوٹر گیمز،موبائل فون اور اس طرح کے دوسرے الیکٹرانک آلات سے توجہ ہٹانا بھی ہے۔ سکولمپکس گیمز کا مقصد بچوں میں نہ صرف اچھی عادات اورنظم و ضبط کو فروغ دینا، بلکہ تفریح سے ہٹ کر بہت سے اچھے اوصاف ہیں جو جانے انجانے میں کھیلوں سے اپنائے جاتے ہیں، جیسے محنت کرنا، مقابلے سے نہ گھبرانا، آخری دم تک لڑنا، سارے ساتھیوں کو ساتھ لے کر چلنا، جیت کو پروقار انداز میں منانا، ہار کو کھلے دل سے تسلیم کرنا اور ایسا بہت کچھ۔
سکولمپکس گیمز (سیزن تھری) کے افتتاح سے 10 یوم قبل 27 اکتوبر کو پاکستان کے سابق بین الاقوامی ہاکی پلیئر محمد اشفاق اور ایشین چمپیئن عبدالرحمٰن عرف مانی پہلوان نے رحیم یار خان میں سکولمپکس کی روایتی مشعل کو روشن کیا،جو جنوبی پنجاب کے 10 اضلاع سے اپنا سفر کرتی ہوئی آج 6 نومبر کو بہاول پور پہنچی ہے۔سکولمپکس میں لڑکیوں اور لڑکوں کے لیے اتھلیٹکس، ہاکی، فٹ بال، کرکٹ، والی بال، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے ہوں گے۔ تمام مقابلے بہاول پور کے ڈرنگ سٹیڈیم اور ویمن کرکٹ سٹیڈیم جب کہ اتھلیٹکس کے مقابلے اسلامیہ یونی ورسٹی کے گراؤنڈ میں کروائے جائیں گے۔ تمام اتھلیٹس اور دوسرے صوبوں سے آنے والے مہمانوں کے قیام و طعام کے لیے سکولوں کے ہاسٹلز اور سرکاری اداروں کی اقامت گاہوں میں احسن انتظامات کیے گئے ہیں۔ سکولمپکس کی فنڈنگ جنوبی پنجاب کے تینوں بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کی جانب سے فراہم کی جائے گی، جوطلبہ کی رجسٹریشن کے وقت سپورٹس فنڈز کی مد میں جمع کیا جاتا ہے۔ یہاں پر یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے کبھی بھی یہ فنڈ ایسی منظم، با معنی اور نتیجہ خیز سرگرمی کے لیے استعمال نہیں کیا گیا۔
سکولمپکس کی اختتامی تقریب 10 نومبر 2023 کو مطیع اللہ خان ہاکی سٹیڈیم بہاول پور میں منعقد ہو گی۔ جنوبی پنجاب میں سکولمپکس گیمز کا سالانہ مقابلوں کے طور پر باقاعدہ انعقاد کیا جائے گا۔ تاہم یہ مقابلے ہر سال جنوبی پنجاب کے مختلف ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا کریں گے۔ جنوبی پنجاب میں سکولمپکس کے کامیاب انعقاد کے تسلسل کو مدنظر رکھتے ہوئے اور گزشتہ برس کی طرح امسال بھی باقی صوبوں کی نمائندگی کے پیش نظر قوی امید ہے کہ ایک دن سکولمپکس گیمز کا انعقاد قومی سطح پر تمام صوبوں میں کیا جائے گا۔
تحریر: نعیم احمدناز
میڈیا کورڈی نیٹر، محکمہ سکول ایجوکیشن،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ
نزد چونگی نمبر6، بوسن روڈ ملتان03219685744