لال سوہانرا نیشنل پارک بہاول پورمیں نباتات اور حیوانات کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کا آغاز

Protection of flora and fauna in Lal Suhanra National Park Bahawalpur

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے پارک میں پودا لگا کروسیع شجرکاری مہم کا افتتاح کیا

 بہاول پور:5/اکتوبر:  لال سوہانرا نیشنل پارک بہاول پورمیں نباتات اور حیوانات کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔محکمہ جنگلات و جنگلی حیات جنوبی پنجاب کی جانب سے نیشنل پارک میں وسیع شجرکاری مہم لانچ کردی گئی ہے۔ اس مہم کے تحت لال سوہانرا  پارک میں پہلے دن2500 پودے لگائے گئے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے پارک میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات ساوتھ پنجاب سرفراز خان مگسی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ سیکرٹری لائیو سٹاک ناصر جمال ہوتیانہ،سیکرٹری سروسز امجد شعیب خان ترین،سیکرٹری ایری گیشن عبدالخاق رزاقی، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر افضل ناصر،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ امین اویسی اور چیف کنزر ویٹر جنوبی پنجاب قاضی خالد محمود نے بھی مہم میں حصہ لیا اور پودے لگائے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کا سامنا ہے اور ایک سال قبل شدید بارشوں کے نتیجے میں آنیوالا سیلاب بھی اسی موسمیاتی تبدیلی کا شاخسانہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل ٹمپریچر بڑھ رہا ہے اور اس موسمی تغیر سے پوری دنیا کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات میں اضافہ کرکے موسمی تغیر کے مضر اثرات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے بتایا کہ کسی بھی ملک کے25 فیصد حصہ پر جنگلات کا ہوناضروری ہے جبکہ پاکستان میں جنگلات کی شرح پانچ  فیصد سے بھی کم ہے۔انہوں نے محدود وسائل کے باوجود محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب کی کارکردگی کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ لال سوہانرا پارک کے جنگلات میں اضافہ محکمہ جنگلات کا قابل تحسین اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگلات کائنات کا حسن اور زمین کا زیور ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے کہا کہ لال سوہانرا پارک میں حیاتیاتی تنوع پیدا کرنے کے لئے ایکو سسٹم کو برقرار رکھا جائے گا اور معدوم ہوتے جانوروں، پرندوں اور نباتات کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے لال سوہانرا پارک کو سیاحوں کے لئے انتہائی پرکشش بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات سرفراز خان مگسی نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لال سوہانرا پارک 1لاکھ 62 ہزار ایکڑ رقبہ پر پھیلا ہوا ہے اور پارک کے اطراف میں 65 کلومیٹر طویل باڑ لگائی جارہی ہے تاکہ غیر قانونی شکار کا مستقل خاتمہ کیا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ پارک میں واقع پتیسر جھیل 4700 ایکڑ رقبہ پر پھیلی ہوئی ہے جسے مقامی اور مہمان پرندوں کی آماجگاہ بنایا دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ لال سوہانرا میں چلڈرن پارک 105 ایکڑ پر مشتمل ہے جبکہ لال سوہانرا پارک کے18 ہزار ایکڑ پر جنگلات موجود ہیں۔سرفراز مگسی نے بتایا کہ لال سوہانرا پارک میں نایاب نسل کے کالے ہرن کی تعداد 500 ہے۔

مزید پڑھیں