بلدیاتی اور عام انتخابات میں ضلع بھر میں اپنے امیدوار میدان میں اتاریں گے۔ پرنس بہاول عباسی
مستقبل کا سیاسی لائحہ عمل طے کرنے کے لئے اپنے ساتھیوں سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے
امیر آف بہاول پور کے ولی عہد کی مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما حسن عسکری شیخ سے صادق گڑھ پیلس کے دفتر میں گفتگو
ڈیرہ نواب صاحب(نامہ نگار) امیر آف بہاول پور کے ولی عہد پرنس بہاول خان عباسی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ہوں یا عام انتخابات،ضلع بہاول پور میں اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔ سیاسی مخالفین کے لئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام صادق گڑھ پیلس کے اپنے دفتر میں مسلم لیگ ن کے صوبائی راہنما حسن عسکری شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے ان سے علیحدگی میں ملاقات کی تھی،پرنس بہاول خان عباسی نے کہا کہ وہ ان دنوں مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل طے کرنے کے لئے اپنے گروپ کے ساتھیوں سے مشاورت کر رہے ہیں۔ ان کی رائے اور تجاویز کے مطابق مستقبل کا سیاسی لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔
امیر آف بہاول پور کے ولی عہد نے مزید کہا کہ وہ خاندانی روایات کے مطابق عوامی خدمت کی ایک نئی مثال قائم کرنے کے خواہشمند ہیں۔اپنے اس ہدف کے حصول میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں گے۔ پرنس بہاول عباسی اور حسن عسکری شیخ کے مابین ہونے والی اس ملاقات میں سیاسی وعلاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں سیاسی راہنماوں کے مابین ملاقات ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔