١٢ دسمبر کنونشن میں آیندہ سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔ فاروق حمید شیخ

Farooq-Hameed-Sheikh

اوچ شریف(نامہ نگار) علاقے کی تیس سالہ محرومیوں کے خاتمہ کیلئے خدمت عوام کمیٹی کردار ادا کرے گی، 12 دسمبر کو ہونے والے خدمت خلق کنونشن میں آئندہ سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، حلقے کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی بحالی کیلئے اقدامات جاری رکھیں گے ان خیالات کا اظہار سابق سیکریٹری پنجاب فاروق حمید شیخ سرپرست اعلیٰ خدمت عوام کمیٹی نے ڈیرہ شیخ حمید اللہ پر پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ دوران ملازمت علاقے کے اجتماعی اور انفرادی مسائل کے حل کیلئے طویل جدوجہد کی، اور ریٹائرمنٹ کے بعد خدمت عوام کمیٹی کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمت کا مشن جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ علاقے کو محرومیوں اور پس ماندگی کی دلدل میں دھکیلنے کیلئے موجودہ سیاسی قیادت جوابدہ ہے جنھوں نے اقتدار کے مزے لوٹنے کے سوا کچھ نہیں کیا اوچ شریف شہر اور چنی گوٹھ سمیت مضافات میں ادھورے ترقیاتی منصوبے مقامی حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں انہوں نے کہا کہ خدمت عوام کمیٹی کی عوام دوست پالیسیوں کے سبب لوگ جوق در جوق شمولیت اختیار کر رہے ہیں جس نے موروثی سیاست دانوں کی نیندیں اڑا کر رکھ دی ہیں انہوں نے کہا کہ علاقائی مسائل کی نشاندہی کیلئے میڈیا اہم کردار ادا کر رہا ہے جن کے حل کیلئے خدمت عوام کمیٹی ہر پلیٹ فارم پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے جبکہ عوامی مسائل کی یکساں بنیادوں پر حل کیلئے جامع حکمت عملی تیار کر رہے ہیں جس پر عملدرآمد کیلئے عوامی دلچسپی پہلا قدم ہے جو بہترین سیاسی قیادت کے انتخاب سے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاست میں شمولیت کا فیصلہ 12 دسمبر کو ہونے والے خدمت خلق کنونشن میں کریں گے اس موقع پر اوچ شریف سے تعلق رکھنے والے صحافیوں محمد اسماعیل اعوان،محمد طارق ،عبالصبور لنگاہ ،حاجی احمد خان بلوچ اور بزرگ صحافی عبدالغنی خان لنگاہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کے درجات کی بلندی اور مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی دریں اثناء فاروق حمید شیخ کی والدہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائیں مانگی گئیں اس موقع پر جاوید حمید شیخ اور شیخ حفیظ اللہ عرف ڈاڈو میاں بھی موجود تھے، پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

Farooq-Hameed-Sheikh-2

مزید پڑھیں