انتخابی معرکہ پی پی 250 موروثی سیاست اور ناہل سیاست دانوں کا بوریا بستر ہمیشہ کے لیے گول ہو جائے گا فاروق حمید شیخ
گزشتہ 21 برسوں تک تحصیل احمد پور شرقیہ کے تینوں منتخب ارکان قومی اسمبلی کا تعلق اوچ شریف چنی گوٹھ سے رہا مگر عوام بدستور پسماندگی کا شکار ہیں
پی پی 250 کی صوبائی نشست کی نمائندگی بھی 25 برس تک اوچ شریف کی ایک شخصیت کے پاس رہی مگر علاقہ مسائلستان بن چکا ہے اور عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ،امیدوار صوبائی اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو
اوچشریف نامہ نگار امیدوار صوبائی اسمبلی فاروق حمید شیخ نے کہا ہے کہ آٹھ فروری 2024 کے انتخابات میں اوچ شریف کی صوبائی نشست پی پی 250 کا سرپرائز نتیجہ برآمد ہوگا جس سے موروثی سیاست اور نا اہل نمائندگان کا بوریا بستر ہمیشہ کے لئے گول ہو جائے گا- ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی اقامت گاہ کوٹ خلیفہ میں اخبار نویسوں کے گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا -فاروق حمید شیخ نے کہا کہ ان کا ماضی کا ٹریک ریکارڈ سب کے سامنے ہے- سیکشن آفیسر سے لے کر سیکرٹری حکومت پنجاب تک کے عہدے پر فائز ہونے کے طویل عرصہ کے دوران انہوں نے اپنے تک پہنچنے والے ہر شخص کا بلا تفریق کام کیا اور درجنوں نوجوانوں کو ملازمتیں دلائیں اور لا تعداد ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرایا
فاروق حمید شیخ نے کہا کہ 2002 سے لے کر 2023 تک گزشتہ 21 برسوں کے دوران تین منتخب ارکان قومی اسمبلی کا تعلق اوچشریف اور چنی گوٹھ سے رہا جبکہ صوبائی اسمبلی کا منتخب رکن اوچ شریف سے رہا مگر آج بھی صوبائی حلقہ مسائلستان نظر آئے گا- عوام بدستور پسماندگی کا شکار ہیں- ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ایم پی اے منتخب ہو گئے تو علاقہ کی طویل محرومیوں اور حق تلفیوں کے ازالے کے لیے پنجاب اسمبلی کے اندر اور اس کے باہر آواز اٹھائیں گے