بہاول پور: 11/دسمبر ضلعی بیت المال کمیٹی بہاول پور کے زیر اہتمام قائد اعظم میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں تقریب منعقد ہوئی جس میں امین بیت المال پنجاب ملک محمد اعظم نے بطور خاص شرکت کی۔ تقریب میں 160مستحق اور نادار افراد میں مجموعی طور پر 8لاکھ روپے کی مالی امداد تقسیم کی گئی، 30مستحق طلبہ کو مجموعی طور پر 7لاکھ روپے بطور تعلیمی وظائف جبکہ 10 مستحق خواتین کو مجموعی طور پر 2لاکھ روپے بطور جہیز فنڈز کے دیئے گئے۔ اسی طرح مستحق معذور افراد میں 10وہیل چیئرز اور 50نادار خواتین میں سلائی مشینیں بھی تقسیم کی گئیں۔ امین بیت المال پنجاب ملک محمد اعظم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب بیت المال نادار اور مستحق افراد کی فلاح و بہبود کے لئے بلاامتیاز کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نادار افراد کے دکھ کم کرنے اور ان کی زندگی میں آسانیاں لانے کے لئے پرعزم طریقے سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادار خواتین کے لئے روزگار کے بہتر مواقع حاصل پیدا کرنے کے لئے سلائی مشینیں تقسیم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ پنجاب بیت المال کی جانب سے نادار اور مستحق افراد کو روزگار کے حصول کے لئے مفت ریڑھیاں بھی دی جائیں گی جبکہ ان ریڑھیوں پر سامان فروخت کرنے کے لئے انہیں 20ہزار روپے بھی دیئے جائیں گے جو وہ 500/-روپے فی قسط کے حساب سے واپس کریں گے۔امین بیت المال پنجاب ملک محمد اعظم نے ضلعی بیت المال کمیٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے چیئرمین ضلعی بیت المال کمیٹی اور اراکین بیت المال کمیٹی کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہا۔ قبل ازیں چیئرمین ضلعی بیت المال کمیٹی سید صلاح الدین جیلانی نے سپاسنامہ پیش کیا اور ضلعی بیت المال کمیٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز حافظ محمد یونس نے اظہار خیال کرتے ہوئے ضلعی بیت المال کمیٹی بہاول پور کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے مستحق اور نادار افراد کی بحالی کے لئے کام کیا جا رہا ہے۔ تقریب سے صدر ڈسٹرکٹ بار و ممبر بیت المال کونسل اختر عباسی اور ممبر بیت المال کمیٹی طارق مجید چوہدری نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستحق افراد کی مدد کرنا نیکی کا کام ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و سیکرٹری ضلعی بیت المال کمیٹی محمد عذیر نے مالی امداد کی فراہمی اور ضلعی بیت المال کمیٹی کی کارکردگی بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر پنجاب شاہد سرویا، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سحر صدیقہ، سجاد خاں، غلام محمد شاہ، محمد عمران، عفت ذکی، نسرین انور، راجہ شفقت محمود، حمیرا یاسمین، اشتیاق بسرا، شیخ محمد اقبال، ماجد حبیب، صابر فرحت اور مستحق و نادار خواتین و حضرات اور طلبہ کی کثیر تعداد موجودتھی۔