قائد اعظم میڈیکل کالج میں پاکستان ایسوسی ایشن آف پلاسٹک سرجنز کے زیر انتظام سہ روزہ ستائیسویں سالانہ انٹرنیشنل کانفرنس

27th Annual International Conference at Quaid-e-Azam Medical College Bahawalpur

کانفرنس میں شامل پاکستان سمیت آسٹریلیا، اٹلی، امریکا، ترکی، برطانیہ، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کے سرجنز نے پلاسٹک سرجریز سے متعلق لیکچرز اور اپنے تجربات بیان کیے اور ٹرینر ڈاکٹرز کو آگاہی فراہم کی۔

بہاول پور:25/فروری : قائد اعظم میڈیکل کالج بہاول پور میں پاکستان ایسوسی ایشن آف پلاسٹک سرجنز کے زیر انتظام سہ روزہ ستائیسویں سالانہ انٹرنیشنل کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے اظہار خیال کرتے ہوئے کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ پلاسٹک سرجری کی اہمیت مسلّمہ ہے۔ میڈیکل سائنس میں جدید تحقیق نے پلاسٹک سرجری کی افادیت میں تیزی سے اضافہ کیا ہے اور اس شعبہ سے منسلک افراد بلاشبہ انسانیت کی خدمت کا حق ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم میڈیکل کالج کے گریجویٹ ڈاکٹرز نے پوری دنیا میں وطن عزیز کا نام روشن کیا ہے۔ پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل سائنس میں ریسرچ کی کلیدی اہمیت ہے اور انٹرنیشنل پلاسٹک سرجنز کانفرنس کے انعقاد سے ڈاکٹرز اور میڈیکل کے طلباء وطالبات کو جدید ریسرچ اور نئی ٹیکنالوجی سے بہرہ مند ہونے کے  بہترین مواقع میسر ہوں گے۔ کانفرنس میں معروف پلاسٹک سرجن ڈاکٹر مغیث امین اور دیگر نامور ڈاکٹرز نے اپنے ریسرچ پیپرز پیش کیے۔ کانفرنس میں قومی و بین الاقوامی پلاسٹک سرجنز نے برن، پیدائشی عیب، کینسر، حادثات، ایستھیٹک سمیت کاسمیٹک سرجریز اور سرجری کی جدید مہارتوں بارے آگاہی فراہم کی۔پیپسکون2023‘ میں قومی و بین الاقوامی پلاسٹک سرجنز نے بحیثیت اسپیکرز جبکہ پروفیسرز، ٹرینر ڈاکٹرز اور دیگر نے شرکت کی۔ کانفرنس میں پلاسٹک سرجریز سے متعلق مختلف سیشنز میں کینسر میں مبتلا منہ کی سرجری، برن سرجری، ہاتھ یا ہاتھوں کی نسیں کٹ جانے والی سرجریز، ایستھیٹک سرجریز اور دیگر حادثاتی سرجریز کو بھی زیر غور لایا گیا۔ کانفرنس میں شامل پاکستان سمیت آسٹریلیا، اٹلی، امریکا، ترکی، برطانیہ، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کے سرجنز نے پلاسٹک سرجریز سے متعلق لیکچرز اور اپنے تجربات بیان کیے اور ٹرینر ڈاکٹرز کو آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر مقررین نے بتایا کہ پاکستان ایسوسی ایشن آف پلاسٹک سرجنز کا قیام 1994 میں عمل میں آیا اور بہاول پور میں اس کی 27ویں سالانہ پیپسکون کانفرنس منعقد کی گئی ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس میں ٹرینرز اپنے تجربات سینئر ڈاکٹرز سے شئیر کرتے ہیں اور سینئیرز ان کی رہنمائی اپنے علم و تجربے کی روشنی میں کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد ٹرینرز کو سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا اور ان کی بہتر تربیت کرنا ہے۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ مریضوں کو علاج و معالجہ کی جدید اور بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے اس طرح کی کانفرنس کا انعقاد تسلسل کے ساتھ جاری رہنا چاہیے تاکہ اس شعبہ سے منسلک ہر سرجن کو جدید ترین مہارت سے روشناس ہونے کا موقع میسر آسکے۔

27th Annual International Conference at Quaid-e-Azam Medical College Bahawalpur

مزید پڑھیں