وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی ملاقات،نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات کااتفاق
صوبے کے دیہات میں پلے گراؤنڈزبنار ہے ہیں،رواں برس دیہات کی سطح پر 500پلے گراؤنڈز تیار ہوجائینگی:عثمان بزدار
وزیراعلیٰ کی صوبائی وزیر کھیل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت،کمیٹی پی سی بی کیساتھ ملکر حتمی سفارشات پیش کریگی
لاہور8دسمبر:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی،جس میں صوبے میں نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈزکی تعداد بڑھانے کیلئے مشترکہ اقدامات کااتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے دیہات میں پلے گراؤنڈزبنارہی ہے۔رواں برس دیہات کی سطح پر 500پلے گراؤنڈز تیار ہوجائیں گی۔ان گراؤنڈز میں کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرکٹ کے 2نئے ہائی پرفارمنس سینٹرز بنائے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر کھیل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔کمیٹی پی سی بی کے ساتھ ملکرسکولوں اورکالجوں کی سطح پر کرکٹ کے فروغ اورگراؤنڈز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی۔صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹریز سپورٹس، لوکل گورنمنٹ، ڈی جی سپورٹس اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔