جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کردیں ، بیس لاکھ لوگ آئیں گے۔عمران خان

imran khan

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ ہمارے مخالف کہتے ہیں کہ گرمی زیادہ ہوگئی لوگ نہیں نکلیں گے، 20 تاریخ کے بعد جب اسلام آباد کی کال دوں گا، جتنے مرضی کنٹینر کھڑے کردیں ، بیس لاکھ لوگ آئیں گے۔

یہ بات انہوں نے ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عمران خان نے شہباز شریف کو بزدل اور ڈاکو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سازش کا حصہ بن کر منتخب حکومت کو ہٹایا گیا، ہمارے اوپر بیٹھے ڈاکوؤں کو قوم کبھی تسلیم نہیں کرے گی، میری کال پر 20 لاکھ سے زیادہ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے جوتے پالش کرنے والے نہیں بنیں گے، سیاسی لوٹے جدھر جائیں گے ضمیر فروش چور اور غدار کے نعرے لگیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ نئی حکومت کے چند دنوں میں مہنگائی کتنی بڑھ گئی کیا کسی میڈیا والے نے دکانوں پر مائیک لے جاکر پوچھا؟ ہماری حکومت میں تو مہنگائی کے چند دن بعد ہی میڈیا والے دکانوں پر جاکر انٹرویو شروع کردیتے تھے اور کہتے تھے کہ کدھر گیا نیا پاکستان۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں صرف ایک لوٹا نکلا، ابھی تک اس نے پشاور آنےکی جرات نہیں کی، یہ لوٹے جدھر بھی جائیں گے، دو نعرے لگیں گے، ایک ضمیرفروش چور، دوسرا نعرہ لگے گاغدار۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی منتخب حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا، سازش میں یہاں کے میر جعفر اور میر صادق شامل تھے ، میں کبھی امریکا کی جنگ میں شامل ہونے کو تیار نہیں تھا، میں کبھی امریکا کو اڈے دینے پر راضی نہیں تھا، امریکی چاہتے تھے مشرف کی طرح سربراہ ہو، ایک کال پر چاروں شانے چِت ہوجائے، شہباز شریف تم بھکاری ہو، غلام ہو، ڈاکو ہو، ہم کسی کے جوتے پالش کرنے والے نہیں، ساری قوم اسلام آباد پہنچ کر ایک ہی پیغام دے گی، امپورٹڈ حکومت نا منظور۔
مریم نواز کو نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نےکہا کہ محترمہ فرماتی ہے لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں،جو شریف خاندان نے جھوٹ بولے میں نے کبھی کسی کو ایسے بولتے نہیں دیکھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ گیارہ کی گیارہ جماعتیں عمران خان کو گرانے کے لیے نکلیں، انہوں نے امریکی سازش کا حصہ بن کر منتخب حکومت کو ہٹایا، روس سے 20 لاکھ ٹن گندم منگوانا چاہتا تھا، ہم کسی سپر پاورکونہیں مانتے، ہم روس سے 20فیصد کم قیمت پر پیٹرول اور ڈیزل لینا چاہتے تھے، جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے،ساری چیزوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے ان کے 16 ارب روپے پکڑے ہیں، مقصود چپڑاسی کے نام پر پیسے ہیں، عدلیہ سے پوچھتا ہوں سو موٹو نوٹس لیا، رات بارہ بجے عدالتیں کھلیں ؟ ملک کے 16 ارب روپے چوری ہوئے اور آپ کچھ نہیں کررہے، جب کسی چور ،ڈاکو کو انصاف کا نظام نہیں پکڑ سکتا وہ قوم تباہ ہوجاتی ہے، جب چوری کرکے ملک سے پیسا باہر بھیجا جاتا ہے تو روپے کی قدرگرتی ہے، جب سے یہ حکومت آئی ہے روپے کی قدر گررہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیوٹرل بننے کی اللہ نے ہمیں اجازت نہیں دی،  بار بارکہتا ہوں، نیوٹرل جانور ہوتے ہیں، انسان کو اللہ کو جواب دینا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم غیرت مند قوم ہیں، ہم بوٹ پالیشیوں اور امریکا کے غلاموں کے ساتھ نہیں چل سکتے، ہم کسی کے بوٹ پالش نہیں کرسکتے، یہ قوم قائداعظم کے پاکستان کے لیے تیار ہے، جب ہم بیس لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے تو سب کو نیا پاکستان نظر آنے لگے گا۔
 جلسے کے لیے پولیس کے 1100 اہل کار سیکیورٹی پر مامور تھے۔ جلسہ گاہ میں داخل ہونے کے لیے 7 واک تھرو گیٹ قائم کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں