وزیراعلیٰ نے ریسکیو 1122 موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کردیا

CM inaugurated Rescue 1122 mobile app

بزدار حکومت کا ایمرجنسی سروسز کی تیز رفتار فراہمی کیلئے بڑااقدام، وزیراعلیٰ نے ریسکیو 1122 موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کردیا

شہریوں کوانکی دہلیز پر ایمرجنسی سروسزکی فوری فراہمی کیلئے موبائل ایپلی کیشن کلیدی کردار ادا کرے گی:عثمان بزدار

 ریسکیوائیر ایمبولینس کی منظوری دے دی ہے،پنجاب کے دور درازعلاقوں میں ائیرایمبولینس جلد شروع کردی جائے گی

 موٹر بائیکس ریسکیو سروس کا دائرہ کار باقی 27 اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے، جون تک ہر تحصیل تک ریسکیو سروس فراہم کرینگے

ریسکیو 1122 بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے کوشاں، ریسکیو سروس کو مضبوط بنانے کیلئے وزیراعلیٰ کے شکرگزار ہیں:ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور11دسمبر:  بزدار حکومت کا ایمرجنسی سروسز کی تیز رفتار فراہمی کے لئے ایک اور بڑااقدام، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ریسکیو1122 موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں ریسکیو 1122موبائل ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر ایپلی کیشن کو لانچ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ریسکیو1122 موبائل ایپلی کیشن سے ایمرجنسیز کوبروقت رسپانس کرنے میں مدد ملے گی۔ پنجاب کے شہریوں کوانکی دہلیز پر ایمرجنسی سروسزکی فوری فراہمی کیلئے موبائل ایپلی کیشن کلیدی کردار ادا کرے گی۔  ریسکیو سروس اب تک ایک کروڑ سے زائد ایمرجنسی متاثرین کوریسکیو کرچکی ہے۔ پنجاب کے دور درازعلاقوں میں ریسکیوائیرایمبولینس جلد شروع کردی جائے گی۔ ریسکیوائیر ایمبولینس کی منظوری دے دی ہے اور پنجاب جنوبی ایشیا کا پہلا صوبہ ہوگا جہاں ریسکیو ائیر ایمبولینس کاآغاز ہونے جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں موٹر بائیکس ریسکیو سروس کا دائرہ کار باقی 27 اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے جبکہ ریسکیوسروس کا دائرہ کار جون تک ہر تحصیل تک بڑھا دیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن سے شہریوں کو سروسز کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے اور موبائل ایپ پنجاب کے شہریوں کو بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے کیلئے ایک بہترین اقدام ہے۔ سروس کی توسیع کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ موبائل ایپ ایک گیم چینجر ثابت ہو گی۔ ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے کیلئے جائے حادثہ کے درست مقام تک رسائی حاصل ہو گی۔ یہ ایپ نہ صرف غیر ضروری کالز کو ختم کرے گی بلکہ پنجاب میں ایمرجنسی سروسز کے معیار کو بھی بہتر بنائے گی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ایمرجنسی رسپانس اور ڈیٹا کی ڈیجیٹلائزیشن کے اقدام پر ڈی جی ریسکیو پنجاب اور آئی ٹی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔  ڈی جی ریسکیوسروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے وزیراعلیٰ کو ریسکیو موبائل ایپ کی ورکنگ، آپریشن، ٹریکنگ اور دیگر خصوصیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ موٹر بائیک ریسکیو سروس نے بڑے شہروں میں ساڑھے 8لاکھ سے زائد ایمرجنسیز میں 4 منٹ کے اوسط رسپانس ٹائم کے ساتھ شہریوں کو ان کی دہلیز پرخدمات فراہم کیں جو کہ بین الاقوامی سطح پر ایک اعزاز ہے۔ ریسکیو 1122 شہریوں کو بہترین خدمات کی بروقت فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ پنجاب میں ریسکیو سروس کو مضبوط بنانے کیلئے تعاون فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، ڈی جی ریسکیو1122، ریسکیو ہیڈ کوارٹر و ایمرجنسی سروسزاکیڈمی کے سینئر افسران، ڈائریکٹر ٹیلی نار اور موبائل ایپ کو تیار کرنے والی آئی ٹی ٹیم، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

CM inaugurated Rescue 1122 mobile app 2