میلبرن: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں اتوار اور پیر کو بارش برسنے کا قوی امکان ہے جس کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قوانین تبدیل کردیئے ہیں
تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، کرکٹ دیوانوں کے لئے پریشان کن خبر یہ ہے کہ اتوار کے روز میلبرن میں 95 فیصد، 15 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے۔
آسٹریلوی محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 100 فیصد تک شدید بارش کی اطلاعات ہیں، صرف بارش ہی نہیں شدید گرج چمک کا بھی امکان ہے۔
ٹی 20 فائنل کے لیے پیر کا روز بطور ریزرو ڈے رکھا گیا ہے، پیر کو بھی غیر متوقع موسم ہے، 95 فیصد بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، 5 اور 10 ملی میٹر بارش کی اطلاعات ہیں۔
ضابطے کے مطابق ناک آؤٹ مرحلہ 10، 10 اوور کا میچ ہو گا، آئی سی سی ٹیکنیکل نے فائنل کو فیصلہ کن بنانے کے لیے قوانین میں تبدیلی کر دی ہے، اتوار کے روز 30 منٹ کا اضافی وقت مختص کیا گیا ہے، اگر پیر کو میچ کھیلنا پڑا تو اسے یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
آئی سی سی کمیٹی کے مطابق پیر کو میچ کے لیے 2 کے بجائے 4 گھنٹے اضافی دستیاب ہوں گے، پیر کے روز میچ میلبرن ٹائم کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہو گا، اگر اتوار کے بعد پیر کو بھی میچ نہ ہو سکا تو دونوں فائنلسٹ ٹیمیں مشترکہ چیمپئن ہوں گی۔