نیویارک: امریکا سے شکست کھانے والی قومی کرکٹ ٹیم بروز اتوار کو نیویارک میں بھارت سے ٹکرائے گی۔ تفصیلات کے مطابق 9 جون کو ہائی وولٹیج ٹاکرے میں روایتی حریف نیویارک میں آمنے سامنے ہوں گے، قومی کرکٹ ٹیم میچ سے ایک روز قبل ڈیلس سے نیو یارک پہنچ گئی ہے، کھلاڑیوں نے گزشتہ روز مکمل آرام کیا اور آج بھرپور پریکٹس کریں گے۔ چیئرمین پی سی بی محسن رضا نقوی بھی پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھنے کیلئے نیویارک پہنچ چکے ہیں وہ اہم میچ سے قبل قومی کرکٹرز سے ملاقات کریں گے اور ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ میں امریکا سے اپ سیٹ شکست پر ڈریسنگ روم کا ماحول بھی افسردہ ہے، ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے قومی ٹیم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے بھی میچ میں پلان پر عمل نہیں کیا، کپتان بابر اعظم نے بھی شکوہ کیا اور کہا کہ باؤلرز نے اچھی پرفارمنس نہیں دی۔