جنوری میں میکسیکو اور چلی نے عالمی فوجداری عدالت میں اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف مشترکہ درخواست دائر کی تھی
اس سے قبل جنوبی افریقا نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کی فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف درخواست دائر کی تھی
عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا امکان ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ میں انسانی المیے پر اسرائیلی فوجی افسران اور سیاسی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوسکتے ہیں۔ اس معاملے پر منگل کے روز اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر میں قانونی ماہرین اور وزرا کا ہنگامی اجلاس بھی ہوا۔ اسرائیلی قیادت پر غزہ میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کا الزام ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حکومت کو خدشہ ہےکہ غزہ میں جاری انسانی المیےکو بنیاد بنا کر اسرائیلی وزیر اعظم اور دیگر حکام کے وارنٹ جاری کیے جاسکتے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کا بتانا ہےکہ وزیر اعظم نےگزشتہ دنوں برطانوی اور جرمن وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں بھی وارنٹ کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ خیال رہے کہ جنوری میں میکسیکو اور چلی نے عالمی فوجداری عدالت میں اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف مشترکہ درخواست دائر کی تھی۔ میکسیکو اور چلی کی درخواست میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جنگی جرائم کی تفتیش کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل جنوبی افریقا نے عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کی فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف درخواست دائر کی تھی