بہاول پور:4/ستمبر:لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بہاول پور کے زیر اہتمام عالمی یوم خواندگی (انٹرنیشنل لٹریسی ڈے) کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نعیم صادق چیمہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر چوہدری محمد اکرم نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم صادق چیمہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے لٹریسی اینڈ نارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے قائم کردہ غیررسمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور انتظامی افسران کو مبارک باد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ادارے کے اساتذہ کرام جوش و جذبہ سے ایسے بچوں کو تعلیم دے رہے ہیں جو کہ سکول نہیں جارہے ہیں اور وہ غیر رسمی سکولوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے خواندگی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے تعلیم کا حصول ضروری ہے۔سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت غیررسمی سکولوں سے طلبہ و طالبات کو کوالٹی ایجوکیشن دی جا رہی ہے۔ انہوں نے لٹریسی ٹیچرز اور سٹاف کی خدمات کو سراہا۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی ڈاکٹر زاہد نذیر خان نے عالمی یوم خواندگی منانے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اس دن کو منانے کا مقصد لوگوں میں تعلیم کی اہمیت وافادیت اور شعور اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بہاولپور کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 843 غیر رسمی سکولوں میں 27732 طلبہ و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے لٹریسی ٹیچرز اور فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ ضلع بہاول پور میں شرح خواندگی بڑھانے میں اپنا بھرپور ادا کرہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ غیررسمی سکولوں میں طلبہ و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ درسی کتب، سکول بیگز اور دیگر تعلیمی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ تقریب میں احمد نواز چوہدری، سید حسن رضا ڈیپارٹمنٹ آف سوشل ورک اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، شیخ محمد اکرم ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ اینڈ اکاونٹس، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی، عبدالغفار ڈپٹی ڈائریکٹر , اور بہت سی تعلیمی، سماجی اور ادبی شخصیات نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں آرٹ کے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور ان کے اساتذہ کو تحائف اور اسناد د ی گئیں اور سال 2023 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لٹریسی موبلائزر عثمان سرور، عاصم خان اور نازک حسین کو بھی ایوارڈ دئیے گئے۔اس موقع پر غیر رسمی سکولوں کی طالبات نے شاندار انداز میں ٹیبلوز پیش کیے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض لٹریسی ٹیچر مہوش حنیف نے انجام دیے۔ تقریب کے اختتام پر خواندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے لٹریسی واک بھی کی گئی۔