وراثتی جائیداد کے ایک کیس میں احمد پور شرقیہ کی رہائشی خاتون کا اربن ایریا کی 51 کنال 15 مرلہ اراضی کا قبضہ واگزار
صوبائی خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے بہاول پور اور دیگر علاقوں سے آنے والی خواتین کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے احکامات بھی جاری کیے۔
کنسلٹنٹ محتسب جنوبی پنجاب اکرم بھٹی، پی ایس او صوبائی محتسب حافظ فاروق انور اور لا ء آفیسر رائے عبداللہ بھی اس موقع پر موجود تھے
بہاول پور:30 /ستمبر :صوبائی خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے بہاولپور کا دورہ کیا۔ انہوں نے ریجنل آفس میں وراثتی جائیداد اور ہراسمنٹ کیسز کی سماعت کی۔ وراثتی جائیداد کے ایک کیس میں تحصیل احمد پور شرقیہ کی رہائشی خاتون کو اربن ایریا کی 51 کنال 15 مرلہ اراضی کا قبضہ واگزار کروا کے دلوایا جس کی مالیت کروڑوں روپے جبکہ وراثت کے ایک اور کیس میں درخواست گزار خاتون کو لودھراں سٹی میں 37 مرلہ اراضی کا قبضہ واگزار کرا کے واپس دلوایا جس کی مالیت چار کروڑ سے زائد ہے۔صوبائی خاتون محتسب نے کہا کہ خواتین کو وراثتی حق سے کسی صورت محروم نہیں کیا جاسکتا۔صوبائی خاتون محتسب نے کہا کہ پنجاب میں خاتون محتسب کے 9 ریجنل دفاتر کام کر رہے ہیں اور ضلعی سطح پر بھی خاتون محتسب کے دفاتر جلد قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے۔ خواتین کو تحفظ فراہم کرنا اور انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ زندگی کے ہر میدان میں باوقار اور پراعتماد انداز میں آگے بڑھ سکیں۔ خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے بہاول پور اور دیگر علاقوں سے آنے والی خواتین کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے احکامات بھی جاری کیے۔ اس موقع پر کنسلٹنٹ محتسب جنوبی پنجاب اکرم بھٹی، پی ایس او صوبائی محتسب حافظ فاروق انور اور لا ء آفیسر رائے عبداللہ بھی موجود تھے۔