ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف فیملی کیخلاف ہم نے اپنی زبان سے جہاد کرنا ہے۔
عمران خان نے ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آپ کو اسلام آباد کی کال دینی ہے، جو بیرونی سازش اس ملک کے میر جعفر اور میر صادق کے ساتھ ہم پر مسلط کی گئی ،ہم نے اسے ناکام کرنا ہے، چیلنج کرتا ہوں اسلام آباد میں 20لاکھ لوگوں کو لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی آزادی کی جدوجہد کے لیے بچے بچے کو تیار کرنا ہے اور ملک میں الیکشن کرانا ہے۔
عمران خان کاکہنا تھا کہ شہباز شریف پر اربوں روپے کے کرپشن کے کیسز ہیں، یہ اپنے پیسے بچانے کے لیے ملکی مفاد کو قربان کر دے گا، جس کا پیسہ ملک سے باہر ہو کبھی بھی سامراج کے خلاف آواز بلند نہیں کرے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نےکہا کہ بہت جلد شریفوں کی کرپشن پر وائٹ پیپر لا رہے ہیں، لوگوں کو بتانا ہے کہ باہر کے سامراج نے کس قسم کے لوگوں کو ہم پر مسلط کیا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ یہ مافیا لوگوں کی کردار کشی کرتے ہیں لوگوں کو ڈراتے دھمکاتے ہیں، انہوں نے ایک خاتون کو پیسے دے کر 2018 میں کتاب لکھوائی، عید کے بعد پھر یہ اسی طرح کی حرکت کرنے جا رہے ہیں اور پھر یہ میری کردار کشی کرنے کی کوشش کریں گے