گندم کی نئی فصل مارکیٹ میں آتے ہی نرخ گرنا شروع

نئی گندم 2500سوسے 2700سو روپے فی من میں فروخت ہورہی ہے نرخوں میں کمی سے کاشتکاروں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی
احمدپورشرقیہ (نامہ نگار)گندم کی نئی فصل مارکیٹ میں آتے ہی نرخ گرنا شروع ہو گئے۔کاشتکار پریشان ۔تفصیل کے مطابق مارکیٹ میں گندم کی نئی فصل کی آمد شروع ہو گئی ۔نئی گندم کے مارکیٹ میں آتے ہی نرخ گرنا شروع ہو گئے۔اور نئی گندم 2500سوسے 2700سو روپے فی من میں فروخت ہورہی ہے نرخوں میں کمی سے کاشتکاروں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔کسان بورڈ کے تحصیل صدر فیاض احمد خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے گندم کے سرکاری نرخوں کا اعلان نہ ہونے کے باعث مڈل مین اور فلور ملز والے اپنے من مانے نرخوں پر زمینداروں سے گندم کی خریداری کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ نرخوں پر گندم فروخت کرنے سے کاشتکاروں کو نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے انہوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سرکاری سطح پر گندم کی خریداری شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔