پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، نواز شریف
لندن: مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی حالات کو ٹھیک کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہم پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کی 4 سالہ حکومت کا موازنہ ہمارے ساتھ نہ کیا جائے، ملک کے خراب ہوتے ہوئے حالات ٹھیک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دورمیں لوگ خوشحال تھے،عمران خان کی ترقی صرف باتوں کی حد تک تھی۔
نوازشریف نے کہا کہ کسی کی شکل چھپی ہوئی ہے اور نہ ہی کسی کا نام، پاکستان کو اپنی ذات کے گرد گھما کر ملک کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا گیا جس کی وجہ سے ملک آج مشکلات کا شکار ہے اور اس کو ہم ہی مسائل سے باہر نکالیں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پہلےکہا وہ اعتماد کا ووٹ نہیں لیں گے، پنجاب اسمبلی میں ہمارے نمبرز پورے تھے، جوالیکشن ہونے جا رہا ہےاس میں(ن) لیگ کامیابی حاصل کرے گی، نوازشریف سے رہنمائی لی، اس کےمطابق آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
رانا ثنا للہ نے کہا کہ مریم نواز اگلے ہفتے وطن واپس آئیں گی، نوازشریف عام انتخابات میں(ن)لیگ کی مہم چلائیں گے، نوازشریف کی واپسی طے ہے تاہم اس میں کچھ قانونی رکاوٹیں ہیں جنہیں جلد دور کرلیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے کچھ اپنے لوگ ہی ان سےناراض تھے، عمران خان نے بار باراسمبلیاں توڑنےکی تاریخیں دیں، توشہ خانہ میں عمران خان کا گھٹیا کردارسامنےآیا، عمران خان کی گرفتاری بنتی ہے تو اداروں کو گرفتار کرنا چاہیے۔