ہمارا اوڑھنا بچھونا مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے۔ حسن عسکری شیخ

we-are-with-pml-n-hassan-askari-sheikh

چنی گوٹھ(نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ ہم پورےحلقہ میں متوقع بلدیاتی انتخابات مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر اپنے امیدوار میدان میں اتاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اوڑھنا بچھونا مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے اور ہم کسی اور جماعت میں جانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ عمائدین علاقہ جام شاہ محمد، جام ناصر جھلن، مولوی عبد الغفار، ملک اللّٰہ بخش بوہڑ ،ملک محمد اسلم، مہر محمد رفیق، مہر محمد عارف، راؤ محمود الحسن، راؤ رضوان علی، رانا ساجد غفار اور دیگر سابق کونسلروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین نے نئی حلقہ بندیوں میں ہمارے مواضعات اور چکوک کو مختلف حصوں میں تقسیم کر دیا ہے مگر اس کے باوجود ہم ہر نیبر ہوڈ اور ویلیج کونسل میں اپنے امیدوار میدان میں اتاریں گے اور انشاء اللہ وہ عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر علاقے سے مختلف گروپ ہم سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے عمائدین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ عوام نے ساڑھے تین سال میں تبدیلی کا مزہ چکھ لیا ہے اور اب عوام کو تبدیلی کامزید چورن نہیں بیچا جا سکتا۔ عوام کی نظریں اب مسلم لیگ ن کی جانب مبذول ہیں اور وہی عوام کو ریلیف دے سکتے ہیں۔ حسن عسکری شیخ نے کہا کہ اس حکومت نے تو ملک کا حال ہی نہیں مستقبل بھی گروی رکھ دیا ہے۔ صرف ن لیگ ہی حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ہم عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے میدان عمل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے سٹیٹ بنک کو مکمل طور پر آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ہے۔ حکومت کے پاس ملکی مسائل کا کوئی حل موجود نہیں ہے۔ وزیراعظم کرپشن کے خلاف صرف نعرے لگاتے ہیں اور خود ان کی حکومت کرپشن میں مکمل طور پر ڈوبی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں