Advertisements

دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جائے کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور

The water situation in the river Sutlej should be continuously monitored
Advertisements

ہیڈ اسلام کے مقام پردریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کے جائزہ کے حوالہ سے افسران کے بریفنگ اجلاس میں ہدایات

بہاول پور:29/اگست( )کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے تمام تر حفاظتی اقدامات مکمل کئے جائیں۔یہ ہدایات انہوں نے آج یہاں ہیڈ اسلام کے مقام پردریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کے جائزہ کے حوالہ سے محکمہ انہار اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران کے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر حاصل پور ماجد بن احمد، چیف انجینئر انہار بہاول پور زون خالد بشیر گجر،ایس ای انہار محبوب ربانی،ایکسئن عرفان احمد بھٹی، ریذیڈنٹ انجینئر اظہر وسیم، ایس ڈی او انہار ہیڈ اسلام ہیڈ ورکس محمد ارشداورسب انجینئر نعیم اشرف سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر دریائے ستلج کے قریب واقع موضعات کے مسلسل دورے کریں اور لوگوں کو کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے تیار رکھیں۔ نیز محکمہ لائیو سٹاک، ریسکیو 1122، محکمہ ہیلتھ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کو بھی الرٹ رکھا جائے اور مویشیوں کی بیماریوں کی ویکسین اور سانپ کے کاٹے کی ویکسین سمیت دیگر تمام ادویات کا سٹاک بھی تیار رکھا جائے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی تمام انتظامی افسران دریائے ستلج کی مسلسل مانیٹرنگ کے عمل کو یقینی بنائیں اور اس حوالہ سے لوگوں کو بھی الرٹ رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے قبل ازوقت نبردآزما ہوا جا سکے۔بعد ازاں کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے تحصیل میونسپل آفس حاصل پور میں میڈیا نمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مون سون بارشوں کے سبب آنے والے سیلاب کی صورت میں بہت بڑی موسمیاتی آفت کا سامنا ہے جس سے پاکستان کے شمالی علاقہ جات، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، بلوچستان اورجنوبی پنجاب سمیت سندھ میں اربوں روپے کا جانی و مالی نقصان ہوا ہے تاہم بہاول پور ڈویژن میں اس حوالہ سے صورتحال تسلی بخش ہے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ حالیہ شدید بارشوں کے باعث ملک بھر میں پیدا شدہ موجودہ سیلابی صورتحال کے تناظر میں بہاول پور ڈویژن میں بھی دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے تاکہ کوئی بھی ہنگامی صورتحال پیدا ہونے سے قبل ہی اس سے نبردآزما ہوا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ مون سون بارشوں کے باوجود دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی طرف دریائے ستلج کے مقام پر قائم ہاکٹرہ ڈیم میں اس وقت 78فیصد پانی سٹور کیا جا چکا ہے اور ابھی بھی اس ڈیم میں مزید پانی سٹور کرنے کی 22فیصدگنجائش باقی ہے۔ کمشنر بہاول پور نے کہا کہ ہاکٹرہ ڈیم کی سٹوریج 100فیصد مکمل ہونے کی صورت میں بھارت کی جانب سے ممکنہ طور پر دریائے ستلج میں پانی چھوڑا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کی صورت میں پیداشدہ ممکنہ صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لئے بھی تمام تر تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں تاہم ابھی تک بہاول پور کو سیلاب سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔قبل ازیں کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہیڈ اسلام کے مقام پر محکمہ انہار اوردیگر انتظامی افسران سے تفصیلی بریفنگ بھی لی۔

Advertisements