ممبر صوبائی اسمبلی حسن عسکری شیخ نے چنی گوٹھ شہر میں چار سال سے بندواٹر فلٹریشن پلانٹ چلوا دیا

سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق نے باقاعدہ افتتاح کیا اورفلٹریشن پلانٹ کو عوام کے لئے کھول دیا گیا
چنی گوٹھ (نامہ نگار) ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ نے چنی گوٹھ شہر میں چار سال سے بند واٹرفلٹریشن پلانٹ چلوا دیا ، جس کا باقاعدہ افتتاح سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق نے کیا اور فلٹریشن پلانٹ کو عوام کے لئے کھول دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ یہ فلٹریشن پلانٹ چار سال قبل پنجاب حکومت نے لگایا تھا مگر آج تک چالو نہیں ہو سکا تھا ، عوامی مطالبہ پر ایم پی اے حسن عسکری شیخ نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ظہیر انور جپہ سے ملاقات کی اور ان کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا تو ڈپٹی کمشنر نے فلٹریشن پلانٹ ڈسٹرکٹ کونسل بہاولپور کی تحویل میں دے کر اسے فوری طور پر چلانے کا حکم صادر کیا جس میں عملدرآمد کرتے ہوئے فلٹریشن پلانٹ مینٹیننس کے بعد سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق نے اس کا افتتاح کردیا اور اس کو عوام کے لئے کھول دیا ، اس موقع پر سابق چیئرمین یوسی مہر محمد صدیق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف پانی فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل تھا ، ایم پی اے حسن عسکری شیخ نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دیا ہے اور یہ فلٹریشن پلانٹ مستقل طور پر چلے گا اور اس کی دیکھ بھال ڈسٹرکٹ کونسل اتھارٹی کرے گی ۔ اس موقع پر سابق کونسلر جام سعید لاڑ ، ملک حفیظ اللّٰہ چنڑ ، راؤ رضوان علی ، چوہدری عمر سعید ، رانا ساجد غفار ، ملک انور عادل اور دیگر موجود تھے ۔