اوچموغلہ میں واپڈا کی مبینہ سنگین غفلت، ایک ہی کھمبے پر لگے 50 میٹر جل کر خاکستر، لاکھوں کا نقصان
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) اوچموغلہ کے علاقے میں واپڈا کی مبینہ بدترین نااہلی اور ناقص منصوبہ بندی کا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک ہی بجلی کے کھمبے پر غیر محفوظ اور مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے نصب کیے گئے تقریباً 50 میٹرز میں اچانک خوفناک شارٹ سرکٹ ہوگیا، جس کے نتیجے میں تمام میٹرز جل کر مکمل طور پر خاکستر ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق اچانک چنگاریاں اٹھیں اور چند ہی لمحوں میں پورا میٹر سسٹم آگ کی لپیٹ میں آ گیا، جس سے علاقے میں شدید خوف پھیل گیا۔ متاثرہ صارفین کے مطابق اس واقعے میں انہیں لاکھوں روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ اہل علاقہ نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر ایک ہی کھمبے پر اتنی بڑی تعداد میں میٹرز کس قواعد و ضوابط کے تحت نصب کیے گئے؟ کیا واپڈا کے متعلقہ اہلکاروں نے اس خطرناک صورتحال کو نظر انداز کیا یا پھر مبینہ طور پر چشم پوشی اختیار کی گئی؟ عوامی و سماجی حلقوں نے واقعے کو محکمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بروقت حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں اس طرح کے واقعات کسی بڑے انسانی سانحے کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔متاثرین اور اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، شفاف انکوائری کروانے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اب صرف روایتی انکوائریوں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ بجلی کے نظام میں پائی جانے والی مبینہ بدانتظامی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

