بہاول پور:22/اگست( )ڈینگی سے محفوظ رہنے اور حفاظتی اقدامات بارے عوام کا شعور اجاگر کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کی قیادت میں ڈی سی آفس سے واک کی گئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد ارائیں، ڈاکٹر خالد چنڑ، ڈاکٹر انیلا، صدر چیمبر آف کامرس حافظ محمد یونس، انجمن تاجران کے نمائندگان، مختلف محکموں کے افسران وسٹاف اور سول سوسائٹی کے نمائندگان موجود تھے۔ شرکائے واک نے ڈینگی سے بچاؤ اور حفاظتی انتظامات کے حوالہ سے بینرز اور پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے۔ واک کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لیے موثر اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاتر، کاروباری مراکز اور رہائش گاہوں میں پانی ایک جگہ نہ ٹھہرنے دیا جائے تاکہ ڈینگی لاروا پرورش نہ پائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے لوگوں کا شعور اجاگر کیا جائے اور محکمہ صحت کی جانب سے دی گئی حفاظتی تدابیر پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسداد ڈینگی کے حوالہ سے محکمہ صحت کی جانب سے وضع کیے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ معاشرہ کے تمام افراد ڈینگی مچھر سے محفوظ رہ سکیں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر زاہد اختر وڑائچ نے دفتر کے کمیٹی روم میں انسداد ڈینگی اقدامات بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمہ جات مربوط حکمت عملی کے تحت ڈینگی کے خاتمہ کی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر، ڈائریکٹر انفارمیشن ڈاکٹر ناصرحمید، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و فوکل پرسن موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر زاہد اختر وڑائچ نے کہا کہ ڈینگی کے سلسلے میں فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے اور اس سلسلے میں حفاظتی اقدامات نہ کرنے والے اداروں اور کاروباری مراکز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ڈینگی کے حوالہ سے ہاٹ سپاٹس کوریج کو سوفیصد یقینی بنایا جائے۔ نیز ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس ٹیمیں فیلڈ میں فعال انداز میں کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔