اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریبات کا سلسلہ جاری

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بغداد الجدید کیمپس اور عباسیہ کیمپسز میں ہونے والی واک میں اساتذہ، طلبا اور یونیورسٹی ملازمین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر پر گزشتہ 7دہائیوں سے بھارتی بربریت اور مظالم جاری ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کاسلسلہ بھی جاری ہے۔ یکجہتی کشمیر واک سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن شعبہ عربی پروفیسر ڈاکٹر راحیلہ خالد کا کہنا تھا کہ خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جسے اقوام عالم نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے تسلیم کیا ہوا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ محکوم کشمیریوں کی اخلاقی اور سیاسی مدد کی اور ہر عالمی پلیٹ فارم پر ان کے لیے آواز بلند کی۔ چیئرپرسن سپیشل ایجوکیشن و چیئر پرسن ہال کونسل اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر نسرین اختر کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کے لیے پوری پاکستانی قوم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو فوری بند کرایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر ہمیشہ سے پاکستان کا حصہ تھا اور رہے گا۔ اقوام عالم کو چاہیے کہ وہ کشمیر میں بھارتی مظالم رکوانے اور کشمیریوں کو آزادی دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر دیگر شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم خون کے آخری قطرے تک کشمیری بہن بھائیوں کے حق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی سربراہی میں یونیورسٹی کے تمام طلبا، اساتذہ اور ملازمین اپنے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے رہیں گے۔
