صاحبزادہ گزین عباسی اور مخدوم افتخار گیلانی وزیر اعلیٰ پنجا ب کو ہر گز اعتماد کا ووٹ نہ دیں۔ صاحبزادہ محمد عمر عباسی
تحصیل احمد پورشرقیہ کو ضلع کا درجہ نہ دینے پرمیاں عمر عباسی کا اپنے حقیقی بھتیجے میاں گزین عباسی کو پرویز الٰہی کو ووٹ نہ دینے کا مشورہ — پنجاب حکومت احمد پورشرقیہ کو ضلع کا درجہ نہ دیکرلاکھوں باشندگان کے ساتھ سراسر ناانصافی اور حق تلفی کر رہی ہے، وائس چیئر مین انجمن اتحاد عباسیہ پاکستان
ڈیرہ نواب صاحب (پ ر) پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی صاحبزاد محد گزین عباسی کے حقیقی چچا صاحبزادہ محمد عمر خان عباسی وائس چیئر مین انجمن اتحاد عباسیہ پاکستان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت تحصیل احمد پورشرقیہ کے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے جس نے وعدے کے مطابق تاریخی تحصیل احمد پورشرقیہ کو ضلع کا درجہ نہیں دیا۔ اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے اپنے بھتیجے صاحبزدہ محمد گزین عباسی کو مشورہ دیا کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ ہر گز نہ دیں۔ اور اس سلسلے میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضر رہیں۔ صاحبزادہ محمد عمر خان عباسی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے تحصیل احمد پور شرقیہ سے کہیں چھوٹے علاقوں کو حال میں ضلع کا درجہ دیا ہے مگر احمد پورشرقیہ جیسی ریونیو اور آبادی کے لحاظ سے بڑی تحصیل کو نظر انداز کر رکھا ہے۔انجمن اتحاد عباسیہ پاکستان کے وائس چیئر مین نے اپنے اخباری بیان میں مزید کہا کہ تحصیل احمد پورشرقیہ کے لاکھوں باشندگان کے کئی عشروں پر محیط دیرینہ مطالبہ کو نظر انداز کرنے پر پی ٹی آئی کے دونو ں اراکین پنجاب اسمبلی صاحبزادہ محمد گزین خان عباسی اور مخدوم سید افتخار حسن گیلانی وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو اعتماد کا ہر گز ووٹ نہ دیں اور پنجاب اسمبلی کے مذکورہ سیشن سے غیر حاضر ہو کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔