Contact Us

ٹک ٹاک اسٹار، ماڈل و اداکارہ حریم شاہ کی جانب سے ٹی وی شو کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو فون کرنے کی ویڈیو وائرل

Hareem Shah calling Sheikh Rashid

کراچی (نیوز ڈیسک/ جمعرات، 18 نومبر 2021ء) ٹک ٹاک اسٹار، ماڈل و اداکارہ حریم شاہ کی جانب سے ٹی وی شو کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو فون کرنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔ وائرل ہونے والی ویڈیو آئندہ ہفتے نشر ہونے والے ٹاک شو “ٹو بی آنیسٹ” کی ہے، جس میں حریم شاہ دکھائی دیں گی۔مذکورہ ٹاک شو 24 نومبر کو یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا، تاہم اس کے جاری کیے گئے ٹیزر کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔

مختصر دورانیے کے ٹیزر میں پروگرام کے میزبان حریم شاہ سے پوچھتے ہیں کہ اگر وہ شیخ رشید کو فون کریں گی تو کیا ہو گا؟ جس پر ٹک ٹاک سٹار بولتی ہیں کہ وہ ابھی انہیں فون کر کے دیکھتی ہیں اور پھر دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے؟

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حریم شاہ وزیر داخلہ کا نمبر ملا کر انہیں فون کرتی ہیں اور اس دوران وہ موبائل کا سکرین بھی دکھاتی ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے وزیر داخلہ کا نمبر “شیخو” کے نام سے محفوظ کر رکھا ہے۔

ٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیخ رشید ٹک ٹاک اسٹار کی کال اٹھاتے ہیں اور انہیں فوری طور پر کہتے ہیں کہ وہ انہیں بعد میں فون کریں، جس پر حریم شاہ اصرار کرتی ہیں کہ ابھی بات کر لیں۔ ٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حریم شاہ کے اصرار پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد انہیں جھاڑ پلا دیتے ہیں اور انہیں سخت لہجے میں کہتے ہیں کہ “بکواس بند کریں”.

ٹیزر سے معلوم ہوتا ہے کہ وزیر داخلہ کی جانب سے جھاڑ ملنے کے بعد حریم شاہ ہنس دیتی ہیں اور موبائل فون بند کر دیتی ہیں۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ واقعی انہوں نے شیخ رشید کو ہی کال کی تھی یا پھر وہ ٹاک شو کے مذاق کا حصہ تھا؟

مذکورہ معاملے کی مکمل سچائی 24 نومبر کو اس وقت ہی سامنے آئے گی جب کہ حریم شاہ کا ٹاک شو نشر کیا جائے گا۔مذکورہ پروگرام سے قبل بھی حریم شاہ وزیر داخلہ سے متعلق باتیں کرتی رہی ہیں اور ماضی میں بھی ان کی وزیر داخلہ کو فون کال کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

ماضی میں حریم شاہ نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ان کی ایک دوست نے شیخ رشید سے نکاح بھی کر رکھا تھا۔ اسی طرح ایک بار انہوں نے شیخ رشید کو اپنا بھائی قرار دیا تھا جب کہ ایک بار انہوں نے وزیر داخلہ کو شادی کا مشورہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ ان کی وجہ سے ہی شادی نہیں کر رہے۔

وزیر داخلہ نے آج تک حریم شاہ کے دعووں اور باتوں پر کوئی واضح اور براہ راست جواب نہیں دیا۔حریم شاہ اپنے متنازع بیانات، ویڈیوز اور دعووں کی وجہ سے شہرت رکھتی ہیں اور انہیں “سکینڈل اسٹار” بھی کہا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں